اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا ۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےجو مشترکہ عقیدے …
صدر آصف علی زرداری سے مصر ی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتِ حال پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا ۔اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےجو مشترکہ عقیدے اور باہمی احترام کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ ان تعلقات کو زیادہ منظم اور مستقبل پر مبنی تعاون میں تبدیل کریں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل ہونے کے تناظر میں تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے توانائی، لاجسٹکس، تعمیرات، زراعت، کان کنی اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مصر کے لیے سرمایہ کاری کے فروغ کی حوصلہ افزائی کی۔مصر کے وزیرِ خارجہ نے صدرِ مملکت کو مصر کے صدر کا خصوصی پیغام پہنچایا اور مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی مصر کی خواہش کا اظہار کیا۔
فریقوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور امن و استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔قبل ازیں صدرِ مملکت اور مصر کے وزیرِ خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، سید نیئر حسین بخاری اور سیکرٹری خارجہ سمیت پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبد الحمید حسن نے بھی موجود تھے ۔








