یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کا اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے منگل کو یہاں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پرذرائع ابلاغ اور ماہرین امورکشمیر نے ایک فعال، موضوعاتی اور سٹریٹجک طور پر مربوط میڈیا مہم کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو موثر طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بیانیہ …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے منگل کو یہاں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پرذرائع ابلاغ اور ماہرین امورکشمیر نے ایک فعال، موضوعاتی اور سٹریٹجک طور پر مربوط میڈیا مہم کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیر کاز کو موثر طریقے سے اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط بیانیہ کے موضوعات کے ساتھ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر مسلسل عالمی توجہ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف وانی نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے مسئلہ کشمیر کو ذرائع ابلاغ میں اجاگر کرنے پر حریت قائدین سے گفتگو کی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حریت کانفرنس تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے اس اصولی موقف کا بھی اعادہ کیا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد نے کہا کہ فورم نے مسلسل ذمہ داری اور وضاحت کے ساتھ کشمیر کاز کو اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس اور یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے مابین کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں نے مقبوضہ کشمیر میں جبر کا سامنا کرنے والے کشمیریوں کی آواز کو بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔