فرنٹیئر کانسٹیبلری کا فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل ہونا معمولی تبدیلی نہیں ، پاکستان کے داخلی سلامتی کے نظام میں ایک تاریخی اصلاح ہے،محسن نقوی

چار سدہ ۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کا فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل ہونا معمولی تبدیلی نہیں بلکہ پاکستان کے داخلی سلامتی کے نظام میں ایک تاریخی اصلاح ہے، آج کی شاندار پریڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ فورس نئے دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، آپ سب مستعد، منظم اور اپنے قومی …

چار سدہ ۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کا فیڈرل کانسٹیبلری میں تبدیل ہونا معمولی تبدیلی نہیں بلکہ پاکستان کے داخلی سلامتی کے نظام میں ایک تاریخی اصلاح ہے، آج کی شاندار پریڈ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ فورس نئے دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، آپ سب مستعد، منظم اور اپنے قومی فرائض کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، آپ کی کارکردگی آپ کے حوصلے، عزم اور وطن سے وفاداری کی عکاس ہے۔وہ ایف سی کے نئے بیچ کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کی تاریخ ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط ہے جو ہر دور میں بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز کے مطابق خود کو ڈھالتی رہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ، سرکاری تنصیبات کی حفاظت، قومی منصوبوں کی سکیورٹی اور امن و امان کی بحالی میں یہ فورس صف اول میں رہی ہے، بڑھتے ہوئے کردار کے پیش نظر فورس کے قانونی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا اور نئے آرڈیننس کے ذریعے اسے مضبوط اور موثر قانونی بنیاد فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ نے یہ بھی یقینی بنایا ہے کہ اس فورس کے شہداء کے خاندانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں، نیا شہداء پیکیج حکومت کی جانب سے ان کی قربانیوں کے اعتراف کا عملی ثبوت ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آج پاس آئوٹ ہونے والے جوان پہلی مرتبہ وفاقی حکومت کی ‘‘Dedicated Riot Control Wing’’ کا حصہ بن رہے ہیں جو ایک بڑی اور تاریخی ذمہ داری ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ وہ اس اعتماد پر پورا اتریں گے۔

آخر میں انہوں نے انسپکٹر جنرل اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی اور پاس آئوٹ ہونے والے جوانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قبل ازیں شب قدر قلعہ، چارسدہ میں واقع فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر میں فیڈرل کانسٹیبلری کے قیام کے بعد پہلے بیچ کی پروقار پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا خیرمقدم کیا۔ وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی پیش کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے جوانوں کی عملی تربیت کے مختلف مظاہرے بھی دیکھے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے جبکہ کمانڈنٹ ایف سی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔