اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا ایک اہم، فعال اور باعزت حصہ ہیں،خصوصی افراد کو معاونت، مناسب سہولیات اور مساوی مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ تعلیم، ٹیکنالوجی، سول سروس، کھیل، کاروبار اور سماجی خدمات سمیت ہر میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر …
خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا اہم، فعال اور باعزت حصہ ہیں، ان کی خودمختاری پاکستان کی مجموعی معاشی و سماجی ترقی کیلئے ناگزیر ہے،سردارایاز صادق

مزید خبریں
اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا ایک اہم، فعال اور باعزت حصہ ہیں،خصوصی افراد کو معاونت، مناسب سہولیات اور مساوی مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ تعلیم، ٹیکنالوجی، سول سروس، کھیل، کاروبار اور سماجی خدمات سمیت ہر میدان میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے تحت منائے جانے والا یہ دن اس عزم کی تجدید ہے کہ خصوصی افراد کی مکمل شمولیت، بااختیارت، باوقار زندگی اور ترقی کے مساوی مواقع کو قومی ترجیحات کا حصہ بنایا جائے۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں خصوصی افراد اپنی ذہانت، عزم اور صلاحیتوں کے باوجود رسائی کے فقدان، ماحول کی عدم مطابقت اور معاشرتی رویوں کی وجہ سے مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں۔
انہوں نے سرکاری و نجی اداروں میں خصوصی طور پر اہل افراد کے لئے مختص کوٹہ پر سختی سے عملدرآمد، انہیں ملازمتوں میں شمولیت اور معاشی خودمختاری کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ معذورین (UNCRPD) کا دستخط کنندہ ہے اور اس عالمی عہد کے تحت ملک مساوی حقوق کے تحفظ، امتیازی سلوک کے خاتمے اور ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی کا پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ قانون سازی، مؤثر نگرانی اور پالیسیاں بنانے کے ذریعے خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہے۔سپیکر نے مزید بتایا کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئینِ پاکستان کو بریل ورژن میں مرتب کیا گیا ہے جس سے بصارت سے محروم افراد کو آئین تک براہِ راست رسائی ممکن ہوئی ہے۔
اسی طرح قومی اسمبلی کی عمارت میں خصوصی افراد کی سہولت کے لئے ریمپ اور دیگر رسائی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں تاکہ انہیں ایوان تک آسان اور باوقار رسائی حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابیاں اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ اگر انہیں مواقع اور مناسب سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ ہر میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
سپیکر نے خصوصی افراد کے لئے تعلیم، فنی تربیت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک رسائی، صحت کی سہولیات اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف ان کی خودمختاری بلکہ پاکستان کی مجموعی معاشی و سماجی ترقی کے لئے بھی ناگزیر ہیں۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کے ساتھ ساتھ معاشرتی رویوں میں مثبت تبدیلی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور متعلقہ اداروں کے مربوط و فعال کردار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، سماجی شمولیت اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔








