پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا اہم اجلاس ، تین روزہ قومی انسپکٹر ٹریننگ پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے اپنے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا ،جس میں 9 سے 11 دسمبر 2025 کو ہونے والے تین روزہ قومی انسپکٹر ٹریننگ پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ پروگرام پی ایم اینڈ ڈی سی کی جدیدیت کے اقدامات کے تحت انسپکٹرز کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کالجز کے معائنوں کی تربیت …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے اپنے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا ،جس میں 9 سے 11 دسمبر 2025 کو ہونے والے تین روزہ قومی انسپکٹر ٹریننگ پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ پروگرام پی ایم اینڈ ڈی سی کی جدیدیت کے اقدامات کے تحت انسپکٹرز کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کالجز کے معائنوں کی تربیت فراہم کرے گا۔

اجلاس میں 12 ماسٹر ٹرینرز نے شرکت کی جنہوں نے ملک گیر پائلٹ ٹریننگ کے لئے تربیتی فریم ورک، انتظامات اور نفاذ کی حکمتِ عملی کا جائزہ لیا جس کا مقصد پی ایم اینڈ ڈی سی کے انسپکشن سسٹم کو ڈیجیٹل بنانا ہے۔اجلاس کی صدارت صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے تین روزہ جامع تربیتی پروگرام پر تبادلہ خیال کیا ،جس کا مقصد ماسٹر انسپکٹرز کی مہارت اور تیاری کو بہتر بنانا ہے، یہ ماسٹر انسپکٹرز آگے چل کر ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کا جائزہ لینے والے انسپکٹرز کو تربیت فراہم کریں گے۔

اہم ایجنڈا آیٹمز میں ڈیجیٹل انسپکشن ورک فلو کو حتمی شکل دینا، فسیلیٹیٹرز کی تقسیم، شریک اداروں کا انتخاب اور تربیتی مواد جیسے انسپکٹر گائیڈ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی تیاری شامل تھیں۔یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ آنے والی ٹریننگ انسپکٹرز کو جدید معلومات، ڈیجیٹل آلات، اور معیاری طریقۂ کار سے لیس کرے گی جو قابلِ اعتماد، مؤثر اور شواہد پر مبنی انسپکشن کے لئے ضروری ہیں۔

مزید برآں معیاری اور شفاف انسپکشن طریقہ کار کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تربیتی پروگرام ملک کے انسپکشن ایکریڈیٹیشن سسٹم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اجلاس میں تعمیل کے تقاضوں، دستاویزی پروٹوکولز، اور اسیسمنٹ ٹولز کا بھی جائزہ لیا گیا جنہیں ٹریننگ کے معیار اور مؤثریت کو یقینی بنانے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔