پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ملک کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان کے پاس قدیم گندھارا تہذیب، نانگا پربت اور براڈ پیک جیسے خوبصورت مقامات ہیں، ہمارے پاس دنیا کو سنانے کے لئے شاندار کہانی ہے، ہمیں صرف اسے صحیح …

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان کے پاس قدیم گندھارا تہذیب، نانگا پربت اور براڈ پیک جیسے خوبصورت مقامات ہیں، ہمارے پاس دنیا کو سنانے کے لئے شاندار کہانی ہے، ہمیں صرف اسے صحیح نوعیت کے سامعین تک درست اندازمیں بیان کرنا ہے۔

یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں ڈسکور پاکستان کے زیر اہتمام ”نیشنل ٹورازم ایوارڈز 2025ء“ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے قومی سیاحت کو فروغ دینے کی کوششوں پر ڈسکور پاکستان کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تقریباً ایک دہائی تک بیرون ملک رہ چکے ہیں، اس لئے انہیں اس بات کا ادراک ہے کہ پاکستان کے بارے میں غلط فہمیاں صرف اسی طرح کی کوششوں سے دور کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سیاح ایک بار پاکستان آتے ہیں تو پھر وہ بار بار آتے ہیں۔ غیر ملکی سیاح پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے مداح ہیں، مہمان نوازی ہماری شاندار روایات کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی پاکستان کا مثبت تصور ہے جسے عالمی سطح پر پیش کرنا ضروری ہے کیونکہ پاکستان کے پاس سنانے کے لئے ایک منفرد کہانی موجود ہے۔ وفاقی وزیر نے ملک کی متنوع جغرافیائی خصوصیات کی نشاندہی کرتے ہوئے پاکستان کو ایک مکمل پیکیج قرار دیا۔

انہوں نے شمالی علاقہ جات کی خوبصورتی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے 14 بلند ترین پہاڑوں میں سے پانچ بلند پہاڑ یہاں موجود ہیں جن میں کے ٹو، نانگا پربت، گاشر برمل ون اور ٹو اور براڈ پیک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مالم جبہ کی اسکی سلوپس کا بھی ذکر کیا۔ وفاقی وزیر نے شندور پولو فیسٹیول کے بارے میں کہا کہ یہ دنیا کے سب سے بلند پولو میدان پر تین ہزار میٹر سے زائد بلندی پر منعقد ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی حسن کے علاوہ پاکستان ثقافتی ورثے سے بھی مالامال ہے، یہاں گندھارا تہذیب موجود ہے جبکہ صدیوں پرانی روایات بھی موجود ہیں جو آج بھی کیلاش قبیلے کے لوگ اپناتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سندھ اور بلوچستان کے ریگستانوں اور چولستان میں ہونے والی سالانہ جیپ ریلی کا ذکر کرتے ہوئے اسے پرکشش کھیل قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چاہے شمال کی جانب بلند برف پہاڑ ہوں، جنوب کے سنہری ریگستان یا گندھارا تہذیب، پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکور پاکستان نے نہ صرف سیاحت بلکہ پاکستان کے عوام کی ہمت اور مہمان نوازی کو اجاگر کر کے ایک عظیم قومی خدمت انجام دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں سفارتی کامیابیوں کے ذریعے بہت عزت حاصل کی ہے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈسکور پاکستان کے پلیٹ فارم کو عالمی سطح پر لے جانے کے لئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی تجویز پیش کی جس میں گورنر خیبر پختونخوا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحت اور ڈسکور پاکستان کے سی ای او شامل ہوں۔

انہوں نے مزید تجویز دی کہ دفتر خارجہ اور بیرون ملک تعینات پریس اتاشی اس چینل کے برانڈ ایمبیسیڈرز کے طور پر کام کریں۔ وفاقی وزیر نے ڈسکور پاکستان کو عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو موثر انداز میں پیش کرنے کے لئے انگلش زبان میں چینل لانچ کرنے پر حکومتی مراعات کی پیشکش بھی کی۔