تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع تک مساوی رسائی ہر معذور فرد کا بنیادی اور آئینی حق ہے ، سینیٹر روبینہ خالد کا پیغام

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا قابلِ احترام اور نہایت اہم حصہ ہیں، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع تک مساوی رسائی ہر معذور فرد کا بنیادی اور آئینی حق ہے ، بی آئی ایس پی معذور افراد کی فلاح، معاونت اور …

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ معذور افراد ہمارے معاشرے کا قابلِ احترام اور نہایت اہم حصہ ہیں، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع تک مساوی رسائی ہر معذور فرد کا بنیادی اور آئینی حق ہے ، بی آئی ایس پی معذور افراد کی فلاح، معاونت اور معاشی شمولیت کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر پروگرام میں شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کی شمولیت بہتر بنانے کے لیے بی آئی ایس پی نے پی ایم ٹی اسکور کی حد کو 32 سے بڑھا کر 37 کر دیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 1 لاکھ 8 ہزار سے زائد معذور خواتین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی معاونت حاصل کر رہی ہیں جو ان کو بااختیار بنانے اور ان کے معاشی استحکام کی جانب اہم قدم ہے۔ روبینہ خالد نے کہا کہ ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ بی آئی ایس پی آئندہ بھی بلا تفریق پاکستان کے تمام معذور شہریوں کی بہتری، معاونت اور فلاح کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گا۔