اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت بدھ کو آزاد جموں و کشمیر ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز (ایس ایم ای) کلسٹرز کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سمیڈا، تینوں خطوں کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ایس ایم ای کلسٹرز کے علاقائی …
وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیرصدارت آزاد کشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے ایس ایم ای کلسٹرز کے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت بدھ کو آزاد جموں و کشمیر ، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز (ایس ایم ای) کلسٹرز کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سمیڈا، تینوں خطوں کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ایس ایم ای کلسٹرز کے علاقائی چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا جن میں بالخصوص لاجسٹکس، ویلیو ایڈیشن، فنانسنگ اور انفراسٹرکچر کی کمی جیسے مسائل شامل تھے۔گلگت بلتستان چیمبر کے نمائندوں نے اجلاس کو بتایا کہ خطہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور اس کے ایس ایم ایز خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویئر ہائوسز کی کمی اور لاجسٹکس کے مسائل کاروباری ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
چیمبر نے سمیڈا کی مدد سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری اور ویئر ہائوسز کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت، زراعت اور مائننگ کے شعبوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔ ہارون اختر خان نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ گلگت چیمبر کے ساتھ مل کر ویئر ہائوس ڈویلپمنٹ پر مشترکہ فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو ایس ایم ایز کے لیے مالی معاونت تک رسائی بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔میرپور چیمبر (آزاد کشمیر) نے اجلاس کو بتایا کہ منگلا ڈیم کے ذریعے سی فوڈ ایکسپورٹس بڑھانے کے مواقع موجود ہیں اور اس سلسلے میں سمیڈا کی معاونت ضروری ہے۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے لیے ڈیجیٹل ایس ایم ای پروگرام کی ضرورت پر بھی زور دیا اور مقامی ایس ایم ایز کو قرض سکیموں کے حصول میں درپیش مشکلات کو اجاگر کیا۔ چیمبر نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے اخروٹ، شہد اور سیب عالمی منڈی میں انتہائی طلب رکھتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کو فروٹ ہارویسٹنگ اور سٹارٹ اپس کے لیے مہارتیں فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کی سہولت کے لیے صوبائی سطح پر سنگل ونڈو ڈیسک قائم کر رہی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایس ایم ای لون سکیم ملک بھر کی ہر اہل انٹرپرائز تک پہنچائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سمیڈا کا کردار نہایت اہم ہے اور وزیراعظم کی تمام ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت میں اضافہ قومی معیشت کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔بلوچستان چیمبر کے نمائندوں نے صوبے کے زیتون کے شعبے کی فوری سرکاری توجہ کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ زیتون کے تیل کی ایکسٹریکشن اور ویلیو ایڈیشن سے قومی و عالمی منڈی میں اس کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ تمام صوبائی محکموں کے ساتھ بھرپور رابطہ رکھے اور ایس ایم ایز کی معاونت کو موثر بنائے۔ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے ایس ایم ایز کی بھرپور معاونت کریں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ جلد ایس ایم ای ایکسپو منعقد کیا جا رہا ہے اور تمام کلسٹرز کو اس میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے آرگینک کھجور اور آزاد کشمیر کی آرگینک گندم عالمی منڈی میں بے حد مقبولیت کی حامل ہیں۔ تمام چیمبرز نے حکومت سے پاکستان کے آرگینک فوڈ سیکٹر کو فروغ دینے اور اس کی برآمدات بڑھانے کے لیے بھرپور معاونت کی درخواست کی۔








