سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کی ملاقات، بلوچستان کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے …

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اور سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور مستقبل کی ترجیحات پر بھی غور کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور ان کی پیش رفت سے سپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کیا۔

وفد نے بلوچستان میں امن و امان کے قیام اور استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا۔ وفد نے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون ساز اداروں کے مابین موثر روابط کے فروغ کے لیے سپیکر سردار ایاز صادق کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے میں سپیکر سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل پارلیمان کی اولین ترجیح ہے۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی ترقی بلوچستان کی ترقی سے منسلک ہے، لہٰذا صوبے کی فلاح و ترقی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ملاقات میں وفاق اور صوبہ بلوچستان کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔