ڈیجیٹل میڈیاپر انتہا پسندی اور غلط خبروں کی روک تھام کے لئے نئی نسل کو آگاہی فراہم کی جائے ، سیمینار سے مقررین کا خطاب

کوئٹہ۔3دسمبر (اے پی پی):محکمہ اطلاعات و نشریات، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی جانب سے ’’انسدادِ پرتشدد انتہا پسندی‘‘ پراجیکٹ کے تحت کوئٹہ میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد عمران رانجھا، بلوچستان کی مختلف جامعات کے سینئر اساتذہ زبیر نیاز اور ڈاکٹر محمد رحیم ناصر، سینئر صحافی ایوب ترین اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی کوئٹہ اسد خان مندوخیل نے بطور مقرر …

کوئٹہ۔3دسمبر (اے پی پی):محکمہ اطلاعات و نشریات، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کی جانب سے ’’انسدادِ پرتشدد انتہا پسندی‘‘ پراجیکٹ کے تحت کوئٹہ میں ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد عمران رانجھا، بلوچستان کی مختلف جامعات کے سینئر اساتذہ زبیر نیاز اور ڈاکٹر محمد رحیم ناصر، سینئر صحافی ایوب ترین اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی کوئٹہ اسد خان مندوخیل نے بطور مقرر شرکت کی۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ انتہا پسندی ایک ناسور کی طرح ہمارے معاشرے میں سرایت کر چکی ہے جسے سوشل میڈیا پر غلط خبروں اور افواہوں کی تیزی سے تشہیر نے مزید تقویت دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سنگین مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ نئی نسل کو بروقت اور بھرپور آگاہی فراہم کی جائے، خواہ یہ آگاہی پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ ہو، تعلیمی نصاب کے ذریعہ یا سیمینارز اور تقریبات کے ذریعہ تاکہ نوجوان آنے والے وقتوں میں انتہا پسندی اور غلط خبروں کی روک تھام کے لئے ذہنی طور پر تیار ہوں۔مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور معاشرے کا تقریباً ہر فرد براہِ راست یا بالواسطہ اس سے وابستہ ہے جس کے باعث فیک نیوز کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غلط خبروں کی روک تھام اسی وقت ممکن ہے جب خبر کی حقیقت اور اس کے ذرائع کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جائے اور بغیر تصدیق کسی خبر کو آگے نہ بڑھایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈس انفارمیشن معاشرے میں سنگین نقصانات کا سبب بن رہی ہے اور اس کے اثرات معاشرے کے تمام افراد پر مرتب ہو رہے ہیں،اگر اس سماجی برائی پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو اس کے نتائج مزید خطرناک ہو سکتے ہیں، اس لئے اس ضمن میں نوجوانوں کا کردار نہایت اہم ہے۔

سیمینار کے آغاز میں پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد عمران رانجھا نے شرکاء کو پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر بلوچستان کی مختلف جامعات کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ آخر میں پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد عمران رانجھا اور ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی ڈی کوئٹہ اسد خان مندوخیل نے شرکاء میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔