ڈسکور پاکستان اور پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے زیر اہتمام دوسرے نیشنل ٹورزم ایوارڈز 2025 کی تقریب

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):ڈسکور پاکستان اور پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام دوسرے نیشنل ٹورازم ایوارڈز 2025 کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سفارتکاروں، ٹورازم اسٹیک ہولڈرز، نجی شعبے کے نمائندوں اور صوبائی محکمۂ سیاحت کے وفود نے شرکت کی اور پاکستان کی سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ وفاقی …

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):ڈسکور پاکستان اور پاکستان ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) کے زیر اہتمام دوسرے نیشنل ٹورازم ایوارڈز 2025 کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سفارتکاروں، ٹورازم اسٹیک ہولڈرز، نجی شعبے کے نمائندوں اور صوبائی محکمۂ سیاحت کے وفود نے شرکت کی اور پاکستان کی سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے ڈسکور پاکستان اور پی ٹی ڈی سی کے اقدامات کو سراہا اور قومی سطح پر سیاحت میں بہترین کارکردگی کو اجاگر کرنے کے لیے پلیٹ فارم کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔

ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ نیشنل ٹورازم ایوارڈز ملک میں سیاحتی پیشہ ورانہ معیار ، سروس کے معیار کو بہتر بنانے ، خدمات اور پائیدار سیاحت کی ترقی کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ بن چکے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے گلوبل ڈیسٹی نیشنز ایکسپو اور ایوارڈ تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارک باد دیتے ہوئے سیاحت کی سفارت کاری کو مضبوط بنانے میں ایسے اقدامات پر زور دیا۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور قومی و بین الاقوامی سیاحتی اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنے کے لیے ڈسکور پاکستان اور پی ٹی ڈی سی کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے سیاحتی رابطوں اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ ڈسکور پاکستان ٹی وی کے سی ای او ڈاکٹر قیصر رفیق نے کہا کہ مستقبل کی ترجیحات میں میڈیکل ٹورازم، ایجوکیشنل ٹورازم اور ایڈونچر ٹورازم، غیر ملکی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی نمایاں صلاحیت کے حامل ہوں گے۔ تقریب میں تیس سے زائد کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے، جن میں بزنس ٹورازم، اسپورٹس ٹورازم، ایجوکیشن ٹورازم، ایڈونچر ٹورازم اور بہترین فور اور فائیو اسٹار ہوٹلز شامل تھے۔

پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) کی جانب سے پاکستان کے تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے گئے، جنہوں نے تقریب کو رنگا رنگ بنا دیا۔تقریب میں غیر ملکی وفود، سفارتکاروں، شوبز شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام میں معزز مہمانوں کو شیلڈز پیش کی گئیں اور صوفیانہ موسیقی کے دلکش پروگرام کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔