وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے فرانس کے سفیر نیکولس گالے کی ملاقات

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے فرانس کے سفیر نیکولس گالے نے جمعرات کو یہاں وزارت انسانی حقوق دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں انسانی حقوق کے فروغ اور مضبوطی کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ملک میں انسانی حقوق کے شعبے میں …

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے فرانس کے سفیر نیکولس گالے نے جمعرات کو یہاں وزارت انسانی حقوق دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں انسانی حقوق کے فروغ اور مضبوطی کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے ملک میں انسانی حقوق کے شعبے میں حالیہ پیشرفت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں میں واضح کمی آئی ہے اور اداروں کی کارکردگی اور جوابدہی کے نظام میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، وزارت برائے انسانی حقوق متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر قانونی تحفظات کو مضبوط بنانے اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مؤثر بنانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے قانونی اصلاحات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فوجداری ضابطہ میں متعدد ترامیم کی گئی ہیں جن کا مقصد عوام کے لئے انصاف تک آسان رسائی کو یقینی بنانا اور حکومت کے قانونی جدیدکاری اور شفاف حکمرانی کے عزم کو ظاہر کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں بعض جرائم کے لئے موت کی سزا کے متبادل کے طور پر عمر قید کے نفاذ پر غور جاری ہے جو عالمی انسانی حقوق کے معیار کے مطابق ملکی قوانین کو ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی تجارتی مراعات کے پروگرام کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے حکمرانی میں اصلاحات، ادارہ جاتی مضبوطی اور پائیدار ترقی کے عمل میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات انسانی حقوق کے تحفظ اور ملکی قوانین کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کرنے میں اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے حالیہ انتخاب کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں عالمی اعتماد کی علامت قرار دیا۔وفاقی وزیر نے آزاد کمیشنز کے کردار کو بھی اجاگر کیا جن میں قومی کمیشن برائے انسانی حقوق، قومی کمیشن برائے وقار نسواں، قومی کمیشن برائے حقوق اطفال اور صحافیوں کے تحفظ کا کمیشن شامل ہیں۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی بین الاقوامی اداروں کے تحت ’’اے درجے‘‘ کی سند پاکستان کی انسانی حقوق کے حوالے سے عالمی معیار کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

وفاقی وزیر نے نیشنل کمیشن برائے اقلیتوں کے بل کی حالیہ منظوری کا ذکر کیا جسے فرانسیسی سفیر نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے مثبت اقدام قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے قوانین کے غلط استعمال، بشمول توہین رسالت قانون، کے حوالے سے جامع طریقہ کار کی تیاری پر زور دیا جو تحقیقات، گواہوں کے تحفظ اور غیر جانبدار قانونی کارروائی کے ذریعے انصاف کو یقینی بنائیں اور کمزور طبقوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔

فرانسیسی سفیر نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی اقدامات میں پیشرفت کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے انسانی حقوق، قانونی اصلاحات اور جامع پالیسی کے فروغ کے لئے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔