نسٹ نے ڈرون ٹیکنالوجی کے مستقبل کو نئی سمت دینے والے تاریخی دو روزہ ایونٹ ’’ڈرون ٹیک-ایکس نسٹ – دی ایریل ٹیک ایکسپو‘‘ کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے ملک میں ڈرون ٹیکنالوجی کے مستقبل کو نئی سمت دینے والے تاریخی دو روزہ ایونٹ ’’ڈرون ٹیک-ایکس نسٹ - دی ایریل ٹیک ایکسپو‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ نسٹ کے ایچ-12 کیمپس میں منعقد ہونے والے اس ایکسپو کا مقصد غیرملکی ہوائی نظامات (یو اے ایس ) اور کاؤنٹر ڈرون ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی راہیں کھولنا تھا۔یہ تقریب …

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے ملک میں ڈرون ٹیکنالوجی کے مستقبل کو نئی سمت دینے والے تاریخی دو روزہ ایونٹ ’’ڈرون ٹیک-ایکس نسٹ – دی ایریل ٹیک ایکسپو‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ نسٹ کے ایچ-12 کیمپس میں منعقد ہونے والے اس ایکسپو کا مقصد غیرملکی ہوائی نظامات (یو اے ایس ) اور کاؤنٹر ڈرون ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی راہیں کھولنا تھا۔یہ تقریب ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (آر آئی سی) نسٹ کے زیر اہتمام، صنعت، دفاع، تعلیم اور تحقیق کے شعبوں کے کلیدی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لے آئی۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پرو ریکٹر آر آئی سی ڈاکٹر رضوان ریاض نے اسے پاکستان کے ڈرون ٹیکنالوجی روڈ میپ کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں محض ایجادات کا جشن منانے نہیں بلکہ اس ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال اور مستقبل کا خاکہ تیار کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں۔ایکسپو کے پہلے دن نسٹ کے طلبہ، فیکلٹی اور صنعتی شراکت داروں نے اپنی ایجاد کردہ جدید ترین ڈرون پروٹوٹائپس اور کاؤنٹر ڈرون سسٹمز کی نمائش کی ،جو ملک میں ہوائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے ہونے والی تحقیق اور ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ دوسرے دن کلیدی خطابات، طلبہ مخترعین کے لئے انعامی تقریب اور ڈرون ٹیکنالوجی کے مستقبل کے حوالے سے ایک جامع پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا۔ڈاکٹر رضوان ریاض نے اپنے دورے اور خطاب میں ملکی دفاع اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں عوامی/نجی شراکت داری پر زور دیا۔

تقریب کا اختتام سووینئر اور انعامات کی تقسیم کے ساتھ ساتھ نسٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) کے دورے پر ہوا ،جو یونیورسٹی کی تحقیق کو تجارتی شکل دینے کی صلاحیت کو واضح کرتا ہے۔یہ ایکسپو امریکن انسٹی ٹیوٹ آف ایروناٹکس اینڈ ایسٹروناٹکس کے نسٹ چیپٹر کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا ایک قومی ڈرون مقابلہ تھا۔ اس مقابلے میں ملک بھر کے طلبہ نے ’’ڈرون وارز‘‘ اور آفات کے منظرناموں پر مبنی مشقوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مسلح افواج، سرکاری اداروں، صنعتکاروں اور اکیڈمیا کے نمائندوں نے شرکت کی اور ڈرون ٹیکنالوجی سے متعلق پالیسیوں، اختراعات، اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر گہری بات چیت کی۔