اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں اقوامِ متحدہ کے تعاون سے منعقدہ نمائش میں شرکت کی۔ انہوں نے مختلف آرٹ گیلریز کا دورہ کیا اور تخلیقی فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے نمائش کے شاندار انعقاد پر منتظمین، متعلقہ اداروں اور شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش تخلیقی سرگرمیوں، سماجی آگہی …
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پی این سی اے میں اقوام متحدہ کی جانب سے منعقدہ نمائش میں شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں اقوامِ متحدہ کے تعاون سے منعقدہ نمائش میں شرکت کی۔ انہوں نے مختلف آرٹ گیلریز کا دورہ کیا اور تخلیقی فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے نمائش کے شاندار انعقاد پر منتظمین، متعلقہ اداروں اور شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش تخلیقی سرگرمیوں، سماجی آگہی اور ثقافتی فروغ کا بہترین نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنونِ لطیفہ معاشرے میں برداشت، ہم آہنگی اور مثبت طرزِ فکر کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور ایسی سرگرمیاں پاکستان کے روشن، امن پسند اور ثقافتی طور پر متنوع تشخص کو اجاگر کرتی ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نمائش نے نوجوانوں اور تخلیقی صلاحیتوں کے حامل فنکاروں کو اظہار کے لئے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا ہے ،جہاں انہوں نے اپنے فن، نظریات اور ہنر کو بھرپور انداز سے پیش کیا۔ انہوں نے فنکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تخلیقی صلاحیتوں کے اعتبار سے دنیا کے کسی بھی ملک سے کم نہیں۔چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ اقوامِ متحدہ پاکستان میں فن و ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی ایسی سرگرمیاں معاشرتی ہم آہنگی، فکری ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کا باعث بنیں گی۔
انہوں نے اس امر پر بھی اطمینان ظاہر کیا کہ پاکستان میں عالمی معیار کی تقاریب اور نمائشوں کے کامیاب انعقاد کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔آخر میں چیئرمین سینیٹ نے منتظمین کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ایوانِ بالا فنون، ثقافت اور تخلیقی اظہار سے متعلق مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی آئندہ بھی جاری رکھے گا۔








