اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):ملک بھر کی موٹرویز کے ریسٹ ایریاز میں مسافروں اور شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط اور جامع حکمت عملی کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت ایک ہی طرز کے واش رومز اور سروس ایریاز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ہفتہ کو وزارتِ مواصلات کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹرویز …
موٹرویز کے ریسٹ ایریاز اور سہولیات کی بہتری کے لیے جامع حکمتِ عملی اپنانے کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔6دسمبر (اے پی پی):ملک بھر کی موٹرویز کے ریسٹ ایریاز میں مسافروں اور شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کی بہتری کے لیے مربوط اور جامع حکمت عملی کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت ایک ہی طرز کے واش رومز اور سروس ایریاز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ہفتہ کو وزارتِ مواصلات کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے موٹرویز کے ریسٹ ایریاز کی موجودہ صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے ٹول ٹیکس لینا اور اس کے باوجود معیاری سہولیات فراہم نہ کرنا قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ تمام موٹرویز پر بین الاقوامی معیار کے واش رومز، ریسٹ ایریاز اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ این ایچ اے پورے ملک میں ریسٹ ایریاز کے لیے یکساں معیار اپنائے اور اس سلسلے میں عالمی معیار کے حامل اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہریوں کو تمام موٹرویز اور ایکسپریس ویز پر وضو اور واش رومز کی بہترین سہولیات میسر ہونی چاہئیں جبکہ صفائی،خوبصورتی، گرین بیلٹس اور سروس ایریاز کو بہتر بنانے کیلئے ہارٹیکلچرسٹ کی شمولیت یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں تاکہ شجر کاری اور لینڈ اسکیپنگ بہتر طریقے سے ہو سکے۔وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے زور دیا کہ شہریوں کو کم سے کم وقت میں واضح اور نظر آنے والی بہتری دکھائی دینی چاہیے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جو بھی افسر یا ملازم اپنی ذمہ داری پوری نہ کرے اسے فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا جا ئے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔سیکورٹی کے حوالے سے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ موٹرویز اور سروس ایریاز کے سکیورٹی سسٹمز کو مکمل طور پر سیف سٹی ادارے کے ساتھ منسلک کیا جائے تاکہ مؤثر نگرانی اور جرائم میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری ممکن ہو سکے۔ انہوں نے این ایچ اے کو اپنا مرکزی مانیٹرنگ ڈیش بورڈ قائم کرنے کی بھی ہدایت کی جس تک چیئرمین این ایچ اے کو آمدن کی وصولی اور کارکردگی کے بارے میں معلومات کے لیے 24/7 رسائی حاصل ہو اور یہ آئی جی موٹرویز کے ساتھ بھی منسلک ہو۔
اجلاس میں موٹرویز پر موجود تمام غیر قانونی بل بورڈز اور اشتہارات کو فوری طور پر ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے این ایچ اے کو ادارے کے لیے بہترین میکنزم تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ہفتہ وار پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور چیئرمین این ایچ اے کو ضروری مقامات پر دورے کرنے کی بھی ہدایت کی۔سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔








