پاکستان اور عمان کی بحری افواج کی مشترکہ مشق ٹی اے ٹی-2025 کراچی میں منعقد

راولپنڈی۔6دسمبر (اے پی پی):عمان کے شاہی بحری بیڑے کے جہاز الراسخ اور الشماس پر مشتمل دستہ باہمی مشق ثمرالطیب (ٹی اے ٹی) 2025ء کے بارہویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ گیا۔ اس مشق کا مقصد پاکستان اور عمان کے درمیان بحری سلامتی کے تعاون کو مضبوط بنانا اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق ٹی …

راولپنڈی۔6دسمبر (اے پی پی):عمان کے شاہی بحری بیڑے کے جہاز الراسخ اور الشماس پر مشتمل دستہ باہمی مشق ثمرالطیب (ٹی اے ٹی) 2025ء کے بارہویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ گیا۔ اس مشق کا مقصد پاکستان اور عمان کے درمیان بحری سلامتی کے تعاون کو مضبوط بنانا اور دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مشق ٹی اے ٹی-2025 باہمی سیکھنے، باہمی ہم آہنگی کو بڑھانے اور پیشہ ورانہ ترقی کا ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔پاکستان بحریہ اور عمان کے شاہی بحریہ 1980ء سے ٹی اے ٹی مشقوں کا سلسلہ مسلسل منعقد کر رہے ہیں جبکہ ٹی اے ٹی-2023 عمانی پانیوں میں منعقد ہوئی تھی۔ اس دورے میں سینئر پاکستان بحریہ قیادت سے ملاقاتیں، جہازوں پر استقبالیہ تقریبات اور اہم بحری تنصیبات اور تربیتی مراکز کے دورے شامل تھے۔

دونوں بحریہ کے اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مکالمات، عملی مباحثوں اور مختلف بحری شعبوں میں تجربات کے تبادلے میں حصہ لیا۔دورے کا اختتام بحری مرحلے پر ہوا جہاں دونوں بحری افواج کے جنگی جہازوں نے جدید بحری جنگ کی بڑی جہتوں پر محیط اعلیٰ ترین عملی مشقیں اور مشترکہ مشقیں انجام دیں۔پاکستان بحریہ خطے میں بحری تعاون کو فروغ دینے اور دنیا بھر میں اتحادی بحری افواج کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

عمان کی شاہی بحریہ کی ٹی اے ٹی-2025 میں شرکت دونوں دوست ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دفاعی شراکت داری اور علاقائی امن، استحکام اور بحری تعاون کو فروغ دینے کے ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔