نیوٹیک کی بڑی کامیابی، 8 ماہ میں 841 ہنرمند پاکستانیوں کو بیرونِ ملک روزگار فراہم

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان (نیوٹیک) نے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران 841 ہنرمند پاکستانی ورکرز کو بیرونِ ممالک باعزت روزگار فراہم کیا، جسے ملک کے اسکلز سیکٹر میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد کی کاوشوں اور قائدانہ کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شعلان اینڈ جی ایل اوورسیز ایمپلائمنٹ …

اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان (نیوٹیک) نے گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران 841 ہنرمند پاکستانی ورکرز کو بیرونِ ممالک باعزت روزگار فراہم کیا، جسے ملک کے اسکلز سیکٹر میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ یہاں جاری بیان کے مطابق چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد کی کاوشوں اور قائدانہ کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شعلان اینڈ جی ایل اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز نے ان کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن نیوٹیک گلمینہ بلال احمد نے بتایا کہ 841 ہنرمندوں نے نیوٹیک کے تحت ویلڈنگ، الیکٹریکل، سینیٹری ورک، لوڈنگ، بیگیج ہینڈلنگ، انڈسٹریل اسٹیچنگ، صنعتی مستری اور دیگر تکنیکی شعبوں میں تربیت حاصل کی اور کامیابی کے ساتھ اپنے کورسز مکمل کیے۔

انہوں نے کہا کہ ان تربیت یافتہ نوجوانوں کو سعودی عرب، سربیا، متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک میں ملازمتیں فراہم کی گئیں۔گلمینہ بلال احمد کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی،وفاقی وزیر سالک چوہدری اور وزیر مملکت وجیہہ قمر کی خصوصی ہدایات اور رہنمائی کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک کی ٹیم نے براہ راست مختلف ممالک کی کمپنیوں اور بھرتی کے اداروں سے روابط قائم کیے تاکہ پاکستانی نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ میں مواقع مل سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ آئندہ ایک سال میں اس تعداد کو کئی گنا بڑھایا جائے گا تاکہ مزید پاکستانی ہنرمندوں کو بیرونِ ملک باعزت روزگار حاصل ہو۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعلان اینڈ جی ایل اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے سربراہ خالد نواز نے کہا کہ چیئرپرسن نیوٹیک کی ذاتی دلچسپی اور مؤثر حکمتِ عملی کی بدولت 841 خاندانوں کو بہتر مستقبل اور باعزت روزگار ملا، جس پر وہ انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعلان اینڈ جی ایل آئندہ بھی نیوٹیک کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔تقریب میں سربیا کے ورک ویزہ حاصل کرنے والے 20 ہنرمندوں کو سفری دستاویزات اور ہوائی جہاز کے ٹکٹس بھی فراہم کیے گئے۔ شرکاء نے نیوٹیک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے عالمی روزگار کے نئے دروازے کھلنے کا اہم قدم قرار دیا۔