کراچی۔ 07 دسمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سندھ ہر قوم، ہر تہذیب اور ہر ثقافت کو اپنے دامن میں جگہ دینے والی دھرتی ہے۔اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ کلچر ڈے کے موقع پر گورنر ہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ سرزمین ہے جہاں لعل شہباز قلندر، سچل سرمست اور شاہ …
سندھ ہر قوم، ہر تہذیب اور ہر ثقافت کو اپنے دامن میں جگہ دینے والی دھرتی ہے،کامران خان ٹیسوری

مزید خبریں
کراچی۔ 07 دسمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ سندھ ہر قوم، ہر تہذیب اور ہر ثقافت کو اپنے دامن میں جگہ دینے والی دھرتی ہے۔اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق سندھ کلچر ڈے کے موقع پر گورنر ہائوس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ سرزمین ہے جہاں لعل شہباز قلندر، سچل سرمست اور شاہ عبداللطیف بھٹائی نے امن، محبت اور رواداری کا درس دیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ محمد بن قاسم کی آمد نے سندھ کو بابل اسلام بنایا اور اس خطے میں اسلام کی روشنی پھیلائی۔ انہوں نے موئن جو دڑو کو سندھ کی قدیم اور شاندار تہذیب کی زندہ مثال قرار دیا۔
گورنر کامران خان ٹیسوری نے پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہاکہ سندھ جئے، سندھ وارا جیئن ۔ انہوں نے اس دن کو سندھ کی محبت، ثقافت اور تہذیب کے عظیم جشن کے طور پر بیان کیا۔گورنر سندھ نے ملکی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کا تعلق یقین سے ہے اور ہر حال میں اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے 10مئی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پانچ گنا طاقتور ملک کو شکست دی، ہم ایک فاتح قوم ہیں۔انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی معاشی استحکام کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اب ترقی کی اڑان بھر چکا ہے۔
گورنر سندھ نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔گورنر ہائوس کے عوامی اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں 50 ہزار بچوں کو آئی ٹی کی مفت تعلیم بلا تفریق فراہم کی جا رہی ہے، ایک ملین سے زائد راشن باکس مستحقین میں تقسیم کیے گئے ہیں اور پورے پاکستان کے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے امید کی گھنٹی نصب کی گئی ہے۔








