گورنر خیبر پختونخوا سے مسلم ہینڈ پاکستان کے وفدکی ملاقات،تعلیم، پینے کے صاف پانی اور صحت کی سہولیات پر تنظیم کی خدمات کو سراہا

پشاور۔ 10 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مسلم ہینڈ پاکستان کے وفد نے ریجنل ڈائریکٹر رحیم اللہ خان کی سربراہی میں ملاقات کی۔ گورنر کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفد نے بتایا کہ مسلم ہینڈ پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان، بونیر، شانگلہ، اپر دیر، سوات اور مانسہرہ سمیت مختلف اضلاع میں تعلیم، پینے کے صاف پانی اور صحت …

پشاور۔ 10 دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مسلم ہینڈ پاکستان کے وفد نے ریجنل ڈائریکٹر رحیم اللہ خان کی سربراہی میں ملاقات کی۔ گورنر کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وفد نے بتایا کہ مسلم ہینڈ پاکستان ڈیرہ اسماعیل خان، بونیر، شانگلہ، اپر دیر، سوات اور مانسہرہ سمیت مختلف اضلاع میں تعلیم، پینے کے صاف پانی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے قابلِ قدر خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

گورنر نے پینے کے صاف پانی اور صحت کے منصوبوں کو لائقِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے متعدد اضلاع میں اس کام کی اشد ضرورت ہے، خصوصاً ڈیرہ اسماعیل خان اور دامان کے پسماندہ علاقوں میں سہولیات کی فراہمی قابلِ ترجیح ہونی چاہیے۔ اس موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان میں آنکھوں کے مریضوں کے لیے میڈیکل کیمپ کے انعقاد سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔ ملاقات میں مسلم ہینڈ کے زیر انتظام تعلیمی اداروں کی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے عوامی مسائل کے حل میں گورنر کی دلچسپی اور تعاون پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے تنظیم کی کارکردگی رپورٹ بھی گورنر خیبر پختونخوا کو پیش کی۔