اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم آرمی پبلک سکول کے ان معصوم بچوں اور عملے کو یاد کر رہے ہیں جو گیارہ سال قبل، 16 دسمبر 2014 کے سفاک دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے ،اُن کی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ہماری قوم نے کتنی بھاری قیمت ادا کی ہے۔ پیرکو ایوان صدر …
پوری قوم سانحہ اے پی ایس کے متاثرہ خاندانوں کی استقامت کو سلام پیش کرتی ہے ،صدر آصف علی زرداری کا پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج ہم آرمی پبلک سکول کے ان معصوم بچوں اور عملے کو یاد کر رہے ہیں جو گیارہ سال قبل، 16 دسمبر 2014 کے سفاک دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے ،اُن کی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ہماری قوم نے کتنی بھاری قیمت ادا کی ہے۔
پیرکو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری آرمی پبلک سکول پشاور پر حملے کی 11ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرمملکت نے کہا کہ آج ہم آرمی پبلک سکول کے ان معصوم بچوں اور عملے کو یاد کر رہے ہیں جو گیارہ سال قبل، 16 دسمبر 2014 کے سفاک دہشت گرد حملے میں شہید ہوئے، اُن کی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ہماری قوم نے کتنی بھاری قیمت ادا کی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم اُن خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو آج بھی یہ دکھ حوصلے اور وقار کے ساتھ سہہ رہے ہیں، پوری قوم سانحہ اے پی ایس کے متاثرہ خاندانوں کی استقامت کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنے غم کو پاکستان کے لیے طاقت میں بدلا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے، دہشت گردوں اور اُن کے حامیوں کی مالی مدد کرنے والوں، پناہ دینے والوں یا جواز فراہم کرنے والوں کے لیے کوئی نرمی نہیں ہو سکتی جو ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائیں یا ہمارے بچوں کو نشانہ بنائیں، اُن سے کسی قسم کے مذاکرات، مفاہمت اور مصالحت نہیں ہو سکتی۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم پاکستان میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہیں،ہمارے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی ان سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے واضح اور دستاویزی شواہد موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان مخاصمانہ سرگرمیوں کو بے نقاب کرتا رہے گا اور اپنے عوام کا پوری قوت سے دفاع کرے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر میں دہشتگردوں اور ان کے حامیوں اور سہولت کاروں کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ کوئی بھی، سیاسی، نظریاتی یا خارجی چوغہ پہن کر آئیں، ہم ان کا اصل چہرہ بھی لوگوں کے سامنے آشکار کریں گے بلکہ معرکہِ حق میں کامیابی کے جذبے کے ساتھ انہیں شکستِ فاش بھی دیں گے۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں آج اپنی سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس سروسز کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جن کی کوششوں سے ایسی کئی سانحات کو روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداکی یاد ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔پاکستان امن کے دشمنوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔








