اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے بھوٹان کے قومی دن کے موقع پر بھوٹان کے فرمانروا جگمے کھیسر نامگیال وانگچوک، شاہی حکومت اور بھوٹان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔صدرِ مملکت نے بھوٹان کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن 1907 میں گونگسار اوگیان وانگچک کی پہلے ڈرک گیالپو کے …
پاکستان بھوٹان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری کا بھوٹان کے قومی دن پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے بھوٹان کے قومی دن کے موقع پر بھوٹان کے فرمانروا جگمے کھیسر نامگیال وانگچوک، شاہی حکومت اور بھوٹان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔صدرِ مملکت نے بھوٹان کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن 1907 میں گونگسار اوگیان وانگچک کی پہلے ڈرک گیالپو کے طور پر تاج پوشی کی یاد دلاتا ہے جس نےوانگچوک شاہی خاندان کی قیادت میں ایک متحد اور جدید بھوٹان کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ موقع بھوٹان کے پے در پے آنے والے فرمانرواؤں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بھی ہے جنہوں نے ملک کی خودمختاری کا تحفظ کیا اور اس کی منفرد ثقافتی شناخت کو فروغ دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھوٹان کے عوام دوست ترقی کی سوچ، خصوصاً مجموعی قومی خوشی کا فلسفہ اور ماحول کے تحفظ کے لئے اس کی وابستگی دنیا بھر میں لوگوں کے لئے باعثِ ترغیب ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھوٹان کے ساتھ دوطرفہ سطح پر اور بالخصوص سارک کے دائرہ کار میں خوشگوار تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یہ افسوسناک ہے کہ بھارت اپنی بالادستانہ پالیسیوں کے باعث اس اہم علاقائی فورم کو منجمد رکھ کر جنوبی ایشیا کی روح کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں بھوٹان کے عوام کے تعاون سے امید ہے کہ سارک کو نئی توانائی اور مؤثر کردار کے ساتھ بحال کیا جاسکے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے لئے بھی مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ ہمارے خطے میں امن اور خوشحالی کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ میں بادشاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچوک کے لئے نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ بھوٹان کے عوام کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہوں۔







