سانحہ اے پی ایس پشاورملکی تاریخ کا ایک المناک باب ،معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانیاں قوم کے ضمیر پر ہمیشہ نقش رہیں گی ،وزیرمملکت وجیہہ قمر

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور حملے کی برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کا سانحہ پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جس نے پوری قوم کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا۔ منگل کو اپنے پیغام میں …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور حملے کی برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کا سانحہ پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جس نے پوری قوم کو گہرے رنج و غم میں مبتلا کر دیا۔ منگل کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اے پی ایس پشاور کے معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانیاں قوم کے ضمیر پر ہمیشہ نقش رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہداء نے علم، امن اور وطن کے روشن مستقبل کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ وجیہہ قمر نے کہا کہ اس عظیم سانحے کے باوجود قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہوئی اور آج بھی اسی عزم کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ریاست، ادارے اور عوام مل کر انتہا پسندی کے مکمل خاتمے تک اپنی مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر بچے کو محفوظ، باوقار اور پُرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے حوصلے اور عزم کی علامت ہیں اور یہ ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیرِ مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل دے اور پاکستان کو امن و استحکام کا گہوارہ بنائے۔