اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے فلائی جناح کی دمام کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے جس کے ساتھ اسلام آباد ائیرپورٹ کا بین الاقوامی نیٹ ورک مزید وسیع ہوگیا ہے، جو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی عالمی رابطہ کاری کو بڑھانے کی کوششوں میں ایک اور سنگ میل ہے۔ یہاں جاری تفصیلات کے مطابق دمام کے لئےافتتاحی پرواز 9P-710 شیڈول کے …
اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سےفلائی جناح کی دمام کیلئے براہ راست پروازوں کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے فلائی جناح کی دمام کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے جس کے ساتھ اسلام آباد ائیرپورٹ کا بین الاقوامی نیٹ ورک مزید وسیع ہوگیا ہے، جو پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی عالمی رابطہ کاری کو بڑھانے کی کوششوں میں ایک اور سنگ میل ہے۔
یہاں جاری تفصیلات کے مطابق دمام کے لئےافتتاحی پرواز 9P-710 شیڈول کے مطابق شام 7:55 بجے انٹرنیشنل ڈیپارچر زون-1 (لاؤنج A-5، سٹینڈ-3) سے روانہ ہوئی، جس میں 174 مسافر سوار تھے۔ ایئرلائن کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔پروازوں کا افتتاح سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد علی نے کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری دفاع میجر جنرل قیصر سلیمان، جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن شازیہ رضوی، فلائی جناح کے سی ای او ارمان یحییٰ، اسلام آباد بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سی او او/ایئرپورٹ مینیجر ، ایئرپورٹ مینجمنٹ اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔تمام آپریشنز بشمول مسافروں کی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات مربوط کوششوں سے خوشگوار طریقے سے انجام پائے۔
اپنے دورے کے دوران سیکرٹری دفاع نے حال ہی میں اپ گریڈ کی گئی ٹرمینل لائٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کا ہوائی اڈے کی خوبصورتی پر مثبت اثر پڑا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے بھی سفارت کاروں، بزنس کلاس مسافروں اور معززین کے لیے مختص فاسٹ ٹریک سہولت کی ستائش کی اور اسے مسافر خدمات میں ایک اہم بہتری قرار دیا۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بین الاقوامی روٹس کی توسیع اور ہوائی اڈے کے انفراسٹرکچر اور خدمات کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے عالمی معیارات پر پورا اترنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔







