پاک۔تاجک ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب جمعرات کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوگی

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان کے درمیان پہلے مشترکہ ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب کل( جمعرات کو) کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔پاک۔تاجک ثقافتی میلہ 19 اور 20 دسمبر (جمعہ اور ہفتہ) کو لوک ورثہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس کا اہتمام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور تاجکستان کے درمیان پہلے مشترکہ ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب کل( جمعرات کو) کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی جس کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔پاک۔تاجک ثقافتی میلہ 19 اور 20 دسمبر (جمعہ اور ہفتہ) کو لوک ورثہ اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس کا اہتمام نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ)، پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) اور وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کے اشتراک سے کر رہا ہے۔

یہ تاریخی اقدام دونوں ممالک کی ثقافتی شراکت داری میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، جس میں روایتی ثقافت، فنونِ لطیفہ اور ذائقہ دار کھانوں کو اجاگر کیا جائے گا۔دو روزہ میلے کے دوران لوک ورثہ کو ثقافتی ہم آہنگی کا مرکز بنا دیا جائے گا۔ دوپہر 12 بجے سے رات 8 بجے تک دستکاریوں کی نمائش، روایتی فنکاروں کے لائیو مظاہرے، لوک موسیقی، رقص اور تھیٹر کی شاندار پیشکشیں ہوں گی جبکہ پاکستانی اور تاجک روایتی کھانوں کے سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ مشترکہ ثقافتی ورثے پر سیمینارز بھی میلے کا حصہ ہوں گے۔

خصوصی پروگرام کے تحت جمعہ کی صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک فلموں کی نمائش جبکہ ہفتہ کے روز اسی وقت فارسی زبان سے متعلق سیمینار منعقد کیا جائے گا۔میلے میں تاجکستان کی نامور گلوکارہ نوزیہ کرامت اللہ اور معروف فنکار محمد رفیع کرامت اللہ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ نوزیہ کرامت اللہ کو اعزاز ’’حزمتِ شوئیستا‘‘ سے نوازا جا چکا ہے جبکہ محمد رفیع کرامت اللہ تاجکستان کے باوقار اعزاز ’’زاسلوزھینی آرٹسٹ آف تاجکستان‘‘ کے حامل ہیں۔

اس ثقافتی میلے کا مقصد پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور ثقافتی روابط کو فروغ دینا ہے، جو مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کی راہیں ہموار کرے گا۔اس سلسلہ میں جمہوریہ تاجکستان کی وزیرِ ثقافت مطلوبہ خان سہتوریان امان زادہ کی قیادت میں تاجکستان کا اعلیٰ سطحی ثقافتی وفد بدھ کو اسلام آباد پہنچا۔