اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کویت کے وزیر خزانہ و قابل تجدید توانائی اور چیئرمین کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی (کے آئی اے) ڈاکٹر صبیح المخیزیم سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ قریبی اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق دونوں وزراء نے برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی …
وفاقی وزیر علی پرویز ملک کی کویت کے وزیر خزانہ اور چیئرمین کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر صبیح المخیزیم سے ملاقات، دو طرفہ قریبی و تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کویت کے وزیر خزانہ و قابل تجدید توانائی اور چیئرمین کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی (کے آئی اے) ڈاکٹر صبیح المخیزیم سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ قریبی اور تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق دونوں وزراء نے برادر ممالک کے درمیان گہرے تاریخی روابط پر زور دیا اور متعدد شعبوں میں تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئندہ مرحلے میں توانائی، سرمایہ کاری اور تجارت کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کو موثر بنانے کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ ڈاکٹر صبیح المخیزیم نے کہا کہ کویت کا پاکستان میں نمایاں سرمایہ کاری پورٹ فولیو موجود ہے اور کویت پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں نئے سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر دوطرفہ سرمایہ کاری کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پاکستان کی معیشت پر کویت کے مسلسل اعتماد کا خیرمقدم کیا اور حکومت کے غیر ملکی سرمایہ کاری بالخصوص توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وفاقی وزیر پٹرولیم نے میزان بینک پاکستان کے چیئرمین ریاض الادریسی سے بھی علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے میزان بینک کی مضبوط کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کامیاب غیر ملکی سرمایہ کاری کی مثالیں پاکستان کے مالیاتی شعبے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
ایک اور ملاقات میں وفاقی وزیر نے کویت فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل ولید شملان احمد سے ملاقات کی جس میں ترقیاتی فنڈنگ میں اضافے اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی، ملاقات میں سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے، پاکستان اور کے آئی اے کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔وفاقی وزیر نے کویت میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کے رہنمائوں سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کی معیشت، سرمایہ کاری کے ماحول اور دوطرفہ تعلقات میں ان کے کردار کو سراہا۔ ترجمان کے مطابق یہ ملاقاتیں پاکستان اور کویت کے درمیان اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ دونوں ممالک اپنی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کریں اور پائیدار ترقی و خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو وسعت دیں۔








