رانا عمران لطیف کا خواتین کو بااختیار بنانے اور جدید ڈیجیٹل نظام کی فراہمی کا عزم

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):سینئر صحافی، اینکر پنکر پرسن اور چیئرمین پیاس انٹرنیشنل ہیومن رائٹس رانا عمران لطیف نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کی ترقی اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، پیاس انٹرنیشنل ہیومن رائٹس خواتین کی مدد کے لیے 24/7 ہیلپ لائن کامیابی سے چلا رہی ہے، ہم بہت جلد ایک جدید آن لائن پورٹل شروع کر رہے ہیں جو خواتین کو انصاف کی فراہمی میں سنگ میل …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):سینئر صحافی، اینکر پنکر پرسن اور چیئرمین پیاس انٹرنیشنل ہیومن رائٹس رانا عمران لطیف نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کی ترقی اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، پیاس انٹرنیشنل ہیومن رائٹس خواتین کی مدد کے لیے 24/7 ہیلپ لائن کامیابی سے چلا رہی ہے، ہم بہت جلد ایک جدید آن لائن پورٹل شروع کر رہے ہیں جو خواتین کو انصاف کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگی۔

وہ بدھ کو گروئنگ ویمن کے زیراہتمام خواتین کی استعداد میں اضافہ اور انھیں بااختیاربنانے سے متعلق آگاہی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے معاشرے میں خواتین کے اہم کردار کو سراہا اور ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے نئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

رانا عمران لطیف نے سائبر کرائم کے شعبے میں بہتری کی گنجائش کی نشاندہی کرتے ہوئے مثبت تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم کے ادارے کو مزید وسعت دے کر اور اسے جدید وسائل سے لیس کر کے ہم اپنے شہریوں بالخصوص خواتین کو ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی ڈھانچے کی بہتری سے عوامی شکایات کے ازالے میں تیزی آئے گی۔

انہوں نے ترقی یافتہ ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کے بھرپور مواقع فراہم کرنے چاہئیں تاکہ ملک ترقی کر سکے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی تنظیم انسانی حقوق کی پاسداری اور خواتین کی شکایات کے فوری حل کے لیے حکومت اور اداروں کے ساتھ مل کر اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔