اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):ڈیٹا اینڈ ریسرچ اِن ایجوکیشن ۔ریسرچ کنسورشیم (DARE-RC) کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی تعلیمی سمٹ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہوئی ،جس میں پاکستان میں شواہد پر مبنی تعلیمی اصلاحات کے فروغ کے لئے پالیسی سازوں، بین الاقوامی محققین اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔ سمٹ کا مقصد تعلیم سے متعلق جدید تحقیق اور عملی بصیرت کے تبادلے کے ذریعے جامع، منصفانہ اور مؤثر …
ڈیٹا اینڈ ریسرچ اِن ایجوکیشن ۔ریسرچ کنسورشیم کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی تعلیمی سمٹ کا انعقاد
اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):ڈیٹا اینڈ ریسرچ اِن ایجوکیشن ۔ریسرچ کنسورشیم (DARE-RC) کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی تعلیمی سمٹ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں منعقد ہوئی ،جس میں پاکستان میں شواہد پر مبنی تعلیمی اصلاحات کے فروغ کے لئے پالیسی سازوں، بین الاقوامی محققین اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی۔ سمٹ کا مقصد تعلیم سے متعلق جدید تحقیق اور عملی بصیرت کے تبادلے کے ذریعے جامع، منصفانہ اور مؤثر تعلیمی نظام کی تشکیل تھا۔
سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ تعلیمی پالیسی سازی میں ڈیٹا اور تحقیق کا استعمال ناگزیر ہے، شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے بغیر ترقیاتی اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے اور تعلیمی نظام کو بچوں اور نوجوانوں کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے مؤثر تدریس، مضبوط اداروں اور شواہد پر مبنی فیصلوں کو بچوں خصوصاً محروم طبقات کے لئے بہتر تعلیمی مواقع کی ضمانت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ درست پالیسی اقدامات کے بغیر بچوں کی مکمل صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عبدالرؤف خان نے DARE-RC کو محققین، پالیسی سازوں اور عملی ماہرین کے مابین علم و تجربے کے تبادلے کا منفرد پلیٹ فارم قرار دیا جبکہ DARE-RC کے ٹیم لیڈ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ یہ سمٹ تعلیم کو درپیش اہم چیلنجز پر بامعنی مکالمے اور شواہد پر مبنی حل کی راہ ہموار کرتی ہے۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر محمود نے تعلیم کو قومی ترقی کی کنجی قرار دیتے ہوئے جامع، منصفانہ اور اعلیٰ معیار کے تعلیمی نظام کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔سمٹ کے پہلے دن کیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر کمال منیر نے اپنے کلیدی خطاب میں تعلیمی اصلاحات میں مساوات کی اہمیت اجاگر کی ۔ پلینری اور پینل مباحثوں میں عالمی ماہرین نے شرکت کی جن میں کیمبرج یونیورسٹی، ورلڈ بینک، یونیسف، سائٹس ایورز اور واٹ ورکس ہب فار گلوبل ایجوکیشن کے نمائندگان شامل تھے۔
شرکاء نے آب و ہوا سے ہم آہنگ تعلیمی نظام، نظام گیر شمولیت اور تعلیم کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے ڈیٹا کے مؤثر استعمال جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ علم کے تبادلے کی ورکشاپس اور متوازی سیشنز بھی منعقد ہوئے۔سمٹ کے اختتام پر جامع اور لچکدار تعلیمی نظام کے قیام کے لئے آئندہ اقدامات کا تعین کیا گیا اور پاکستان میں شواہد پر مبنی تعلیمی اصلاحات کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ DARE-RC پروگرام آکسفورڈ پالیسی مینجمنٹ کے تحت آغا خان یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ اور سائٹس ایورز کے اشتراک سے نافذ کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی مالی معاونت برطانیہ کے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس فراہم کر رہا ہے۔









