اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈیفنس سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخر عالم عرفان اور ڈائریکٹر جنرل این ایل سی میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار اس رفتار، جدت …
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈیفنس سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کی ملاقات
اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ڈیفنس سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخر عالم عرفان اور ڈائریکٹر جنرل این ایل سی میجر جنرل فرخ شہزاد راؤ بھی شریک تھے۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار اس رفتار، جدت اور مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے اور یہ تمام اصلاحاتی و ترقیاتی اقدامات وزیراعظم کے وژن کے تحت کئے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا سیف اینڈ سمارٹ ریلوے سٹیشن راولپنڈی میں قائم کیا گیا ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی 24/7 مانیٹرنگ سسٹم فعال ہے اور 184 جدید کیمرے نصب کئے گئے ہیں جس سے سکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا گیا ہے۔وزیر ریلوے نے بتایا کہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو فروغ دیتے ہوئے ریل ٹیگ متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے ٹرینوں اور رولنگ سٹاک کی رئیل ٹائم ٹریکنگ ممکن بنائی جا رہی ہے جس سے آپریشنل شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔وفاقی وزیر ریلوے نے مزید آگاہ کیا کہ کراچی میں weigh bridge کا افتتاح کیا گیا ہے جس کے ذریعے اوورلوڈنگ کے مسئلے پر قابو پایا جا رہا ہے، اس اقدام سے نہ صرف پاکستان ریلوے کے ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ ریلوے ٹریکس کی حفاظت اور ٹرین آپریشنز کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کے بڑے اور اہم سٹیشنز پر مفت وائی فائی سہولت کے ذریعے تقریباً 70 فیصد فٹ فال کو کور کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کیش لیس ٹرانزیکشن کو فروغ دینے کے لئے مختلف ریلوے سٹیشنز پر اے ٹی ایم مشینیں بھی نصب کی گئی ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے حوالے سے بتایا کہ متعدد ریلوے سٹیشنز کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، ٹرینوں میں بہتری لائی گئی ہے جبکہ مسافروں کے آرام و سہولت کے لئے سی آئی پی لاؤنجز قائم کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مسافر سہولیات میں مزید بہتری کے لئے کئی دیگر اقدامات بھی عمل میں لائے گئے ہیں۔
وزیر ریلوے نے آگاہ کیا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک (اےڈی بی ) کے ساتھ ML-1 منصوبے کا معاہدہ طے پا چکا ہے جسے جلد مکمل کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، یہ منصوبہ پاکستان ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ڈیفنس سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل محمد علی اور دیگر اعلیٰ حکام نے وفاقی وزیر ریلوے کی جانب سے کئے گئے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان ریلوے کی مجموعی بہتری کے لئے ان کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اعلیٰ حکام نے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن، قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ملاقات کے اختتام پر ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں باہمی روابط و اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق قومی ترقی اور عوامی مفاد کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکے۔









