اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان اوریورپی یونین نے اپنی دیرینہ شراکت داری اور علاقائی استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کی توثیق کی ہے۔وزارت اقتصادی امورڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پندرہواں یورپی یونین پاکستان مشترکہ کمیشن کااجلاس 17 دسمبر 2025ء کو برسلز میں منعقد ہوا۔ مشترکہ کمیشن نے سیاسی اور معاشی پیش رفت کا جائزہ لیا اور یورپی یونین پاکستان سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے فریم ورک کے …
پاکستان اوریورپی یونین کی اپنی دیرینہ شراکت داری اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی توثیق
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان اوریورپی یونین نے اپنی دیرینہ شراکت داری اور علاقائی استحکام کے لیے اپنے مشترکہ عزم کی توثیق کی ہے۔وزارت اقتصادی امورڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پندرہواں یورپی یونین پاکستان مشترکہ کمیشن کااجلاس 17 دسمبر 2025ء کو برسلز میں منعقد ہوا۔ مشترکہ کمیشن نے سیاسی اور معاشی پیش رفت کا جائزہ لیا اور یورپی یونین پاکستان سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے فریم ورک کے تحت جمہوریت، طرز حکمرانی، انسانی حقوق، تجارت و سرمایہ کاری، ترقی، مہاجرت، آب و ہوا و توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

فریقین نے اپنی دیرینہ شراکت داری اور علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی توثیق کی۔ مشترکہ کمیشن سے قبل جمہوریت و انسانی حقوق، تجارت اور ترقیاتی تعاون سے متعلق ذیلی گروپس کے اجلاس منعقد ہوئے۔ ان اجلاسوں میں جی ایس پی پلس کے تحت تعاون مضبوط بنانے، کاروباری ماحول بہتر کرنے، طرز حکمرانی اور انسانی حقوق میں اصلاحات کو آگے بڑھانے اور ترقیاتی تعاون کو پاکستان کی قومی ترجیحات اور یورپی یونین کے ملٹی اینول انڈیکیٹو پروگرام سے ہم آہنگ کرنے پر توجہ دی گئی۔ ترقیاتی تعاون کے شعبے میں دونوں جانب سے سبز اور جامع معاشی ترقی، انسانی سرمایہ کی ترقی اور طرز حکمرانی کو ترجیحی شعبے قرار دیا گیا۔ پاکستان نے موسمیاتی لچک اور پائیدار ترقی کے لیے یورپی یونین اور ٹیم یورپ کی مسلسل معاونت کا خیرمقدم کیا۔

مشترکہ کمیشن کے موقع پر یورپی انویسٹمنٹ بینک نے پانی کے شعبے میں 60 ملین یورو کی کریڈٹ فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کیے۔ یہ 2015ء کے بعدیورپی انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ پہلا قرضہ ہے جس کا مقصد پانی اور صفائی آب کے ترجیحی انفراسٹرکچر منصوبوں کی معاونت ہے۔ پاکستان نے قومی اہمیت کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے یورپی انویسٹمنٹ بینک کی مزید معاونت میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ مشترکہ کمیشن نے یورپی یونین پاکستان جامع مکالمہ برائے مہاجرت و نقل و حرکت کے تحت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا جس میں واپسی و دوبارہ قبولیت اور ٹیلنٹ پارٹنرشپ کے تحت قانونی مہاجرت کے راستوں پر تعاون شامل ہے۔
فریقین نے حالیہ اعلیٰ سطح کے روابط کا خیرمقدم کیا جن میں 21 نومبر 2025ء کو برسلز میں منعقد ہونے والا ساتواں سٹریٹجک ڈائیلاگ بھی شامل ہے۔ یورپی یونین اور پاکستان نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ مشترکہ کمیشن کے پلینری اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کی وزارت اقتصادی امور کے سیکریٹری محمد حمیر کریم اوریورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی ایشیا و پیسیفک کے لیے قائم مقام مینجنگ ڈائریکٹر پائولا پامپالونی نے کی۔ اجلاس میں یورپی یونین-پاکستان مشترکہ کمیشن کا اگلا اجلاس 2026ء میں اسلام آباد میں منعقدکرانے کافیصلہ کیاگیا۔









