اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں (آج) خطبات جمعہ میں بھارت میں خاتون ڈاکٹر کا نقاب اتارنے اور آسٹریلیا میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی جائے گی، دنیا میں اس وقت بھارت سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے، بھارت کی اس دہشت، وحشت اور بربریت کے خلاف پوری دنیا کو کھڑا ہونا …
خطبات جمعہ میں بھارت میں خاتون ڈاکٹر کا نقاب اتارنے اور آسٹریلیا میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی جائے گی، حافظ طاہر اشرفی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں (آج) خطبات جمعہ میں بھارت میں خاتون ڈاکٹر کا نقاب اتارنے اور آسٹریلیا میں دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی جائے گی، دنیا میں اس وقت بھارت سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے، بھارت کی اس دہشت، وحشت اور بربریت کے خلاف پوری دنیا کو کھڑا ہونا ہو گا، پاکستان کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنے گا جس سے اہل فلسطین کو نقصان پہنچے یا اہل فلسطین کی منشا کے خلاف ہو۔
جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بھارت میں تین روز پہلے بہار کے وزیر اعلیٰ نے ایک مسلمان خاتون کا اپنا اپوائنٹمنٹ لیٹر لینے کے وقت بیدردی سے حجاب اتارنے کی کوشش کی اور پھر بجائے اس کے کہ اس کے اوپر وہاں کے سیاستدان، وہاں کے لوگ مذمت کرتے کچھ سیاستدانوں نے اس کی تائید کی جبکہ پوری دنیا میں اس کی مذمت کی جا رہی ہے اور اقوام متحدہ سے لے کر عالمی انسانی حقوق کے اداروں نے اس امر کو ناپسندیدہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علما کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور عالم اسلام کے تمام مسلمانوں (آج) خطبات جمعہ میں اس عمل کی مذمت کریں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں اس وقت بھارت سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے، اندرونی طور پر بھارت میں اقلیتوں کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو کیا جا رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے اور بیرونی طور پر بھی دیکھ لیا گیا کہ آسٹریلیا میں جو دہشت گردی ہوئی ہے، اس دہشت گرد کا تعلق بھی بھارت کے شہر حیدر آباد دکن سے ہے، آسٹریلیا سے اظہار یکجہتی کے لئے آسٹریلین ہائی کمیشن گئے ہیں، آسٹریلوی ہائی کمیشن نے اس بات کی تصدیق کی کہ دہشت گرد کا تعلق بھارت سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس دہشت، وحشت اور بربریت کے خلاف پوری دنیا کو کھڑا ہونا ہو گا، بھارت میں مسیحی برادری کے مقدس ایام کے دوران ان پر گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، اس طرف تمام عالم کو توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات پر اسلامی ممالک سمیت تمام دنیا میں خطبات جمعہ کے دوران مذمت کی جائے گی، قراردادیں منظور کی جائیں گی، اسی طرح آسٹریلیا میں ہونے والے دہشت گردی کی بھی مذمت کی جائے گی۔
دین اسلام کسی بھی وحشت اور دہشت سے بری ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہئیں، تحقیق کی جانی چاہیے کہ اس واقعہ میں بھارت کی خفیہ ایجنسیاں ملوث تو نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر او آئی سی کو متحرک ہونے کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اس حوالے سے عالمی سطح پر آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ حجاب مسلمانوں کا شعار ہے، اسلام کی تعلیمات میں حجاب کے حوالے سے واضح احکامات ہیں۔ بھارت دہشت و وحشت کا مرکز بن چکا ہے اور اس کے خلاف سب کو اپنی آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خوبصورت چہرے کو مسخ کیا گیا، بھگوڑوں کا ٹولہ صبح شام اس کوشش میں رہتا ہے کہ پاکستان، پاکستان کی افواج، پاکستان کے متفقہ مواقف کے خلاف کوئی نہ کوئی ایشو کھڑا کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اپنا موقف واضح کر چکی ہے کہ فلسطین ہمارا متفقہ مسئلہ ہے، پاکستان کبھی بھی ایسا نہیں کرے گا کہ فلسطینیوں کو کسی بھی حوالے سے نقصان پہنچے۔ پاکستان کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنے گا جس سے اہل فلسطین کو نقصان پہنچے یا اہل فلسطین کی منشا کے خلاف ہو۔ ہم آزاد فلسطین جس کا دارالخلافہ القدس شریف ہو، کا مطالبہ کرتے ہیں۔









