اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف ساحلی مقام بونڈائی بیچ پر پیش آنے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، عام شہریوں کو نشانہ بنانا ایک سفاک، غیر انسانی اور ہر لحاظ سے قابلِ نفرت فعل ہے۔اپنے بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا …
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈائی بیچ پر دہشت گرد حملے کی مذمت
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے معروف ساحلی مقام بونڈائی بیچ پر پیش آنے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، عام شہریوں کو نشانہ بنانا ایک سفاک، غیر انسانی اور ہر لحاظ سے قابلِ نفرت فعل ہے۔اپنے بیان میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہری آبادی، عوامی مقامات اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت، اخلاقیات اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام اس مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کی پارلیمان، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس دہشت گرد حملے میں ملوث حملہ آوروں کا بزدلانہ اور انسانیت سوز اقدام ناقابلِ معافی جرم ہے،دہشت گردی خواہ کسی بھی شکل میں ہو، چاہے انفرادی یا منظم نیٹ ورکس کے تحت، یہ عالمی امن اور انسانی اقدار پر حملہ ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے واقعہ کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر بے گناہ شہریوں کی جانیں بچانے والے احمد الاحمد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جرأت مندانہ، بے لوث اور انسان دوست اقدام انسانیت کے لئے باعثِ فخر ہے،احمد الاحمد نے جان کی پرواہ کئے بغیر جس بہادری، ایثار اور حوصلے کا مظاہرہ کیا اس پر مسلم اُمّت فخر محسوس کرتی ہے اور ان کا یہ عمل انسانیت کی اعلیٰ اقدار کی روشن مثال ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ حملہ آوروں کا بھارت سے تعلق ہونا اس امر کی واضح غمازی کرتا ہے کہ بھارت دہشت گردی کی سرپرستی اور انتہا پسند عناصر کی پشت پناہی میں ملوث رہا ہے،یہ واقعہ ایک بار پھر بھارت کے منفی اور جارحانہ کردار کو بے نقاب کرتا ہے جو خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کے لئے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چار دہائیوں سے دہشت گردی کے ناسور کے خلاف لڑ رہا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانیاں دے چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان کی سکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم الخوارج (فتنہ الہندوستان)کے خلاف برسر پیکار ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے دہشت گردی میں ملوث کردار کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور دہشت گردی کے فروغ میں ملوث عناصر اور ریاستی سرپرستوں کے خلاف مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنائے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی، انتہا پسندی اور تشدد کی بلا امتیاز مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ، مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی چیلنج ہے جس کا مقابلہ صرف اجتماعی عزم اور عملی تعاون سے ہی ممکن ہے۔









