وفاقی وزیر علی پرویز ملک سے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار کی ملاقات

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں جاری اور آئندہ اصلاحات خاص طور پر گیس کے شعبے کی پائیداری پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اس موقع پر بولورما امگابازار نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے دیرینہ ایل این جی مسئلہ کو …

اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں جاری اور آئندہ اصلاحات خاص طور پر گیس کے شعبے کی پائیداری پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اس موقع پر بولورما امگابازار نے پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے دیرینہ ایل این جی مسئلہ کو کامیابی سے حل کرنے پر پٹرولیم ڈویژن کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ایل این جی چیلنج کا حل ایک آسان کام نہیں تھا اور وزیر پٹرولیم کی جانب سے گیس کے شعبے کی پائیداری کی ذاتی سطح پر ذمہ داری لینے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے پٹرولیم ڈویژن کے ساتھ گیس سیکٹر اصلاحات کے فروغ میں ورلڈ بینک کی مسلسل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور ایل پی جی سیکٹر میں اصلاحات اور اوگرا کی استعداد کار بڑھانے کے لئے باہمی تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک پہلے ہی وزارت کے ساتھ مل کر گیس سیکٹر اصلاحات کے لئے ایک جامع روڈ میپ تیار کر رہا ہےجس میں سوئی گیس کمپنیوں کی کارکردگی اور افادیت بہتر بنانے اور ان بنڈلنگ سے متعلق اقدامات شامل ہیں۔اس موقع پروفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ایل این جی مسئلہ کے حل پر حکومتی کوششوں کے اعتراف پر ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گیس کے شعبے کی طویل المدتی پائیداری کے لئے اصلاحات کے ایجنڈے پر مضبوطی سے کاربند ہے۔وفاقی وزیر نے ورلڈ بینک کی تجزیاتی رپورٹس اور کام کو سراہتے ہوئے انہیں سٹریٹجک وژن اور مستقبل پر مبنی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری حکومت کی ایک اہم ترجیح ہے جس کے لئے ایندھن کے معیار کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے پاکستان کی ریفائنریوں کو اپ گریڈ کرنا ناگزیر ہوگا۔ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔