اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان اکیڈمی آف سائنسز (پی اے ایس) نے سال 2025 کے لئے گولڈ میڈلز اور سائنسی اعزازات دینے کے ساتھ ساتھ نئے فیلوز، فارن فیلوز اور ممبران کے انتخاب کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان پی اے ایس آڈیٹوریم میں منعقدہ جنرل باڈی اجلاس کے دوران کیا گیا۔یہ فیصلے 12 دسمبر کو ہونے والے پی اے ایس کونسل اجلاس اور 13 دسمبر کو منعقدہ جنرل …
پاکستان اکیڈمی آف سائنسز نے گولڈ میڈلز ، اعزازات دینے اور نئے فیلوز اور ممبران کے انتخاب کا اعلان کر دیا
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان اکیڈمی آف سائنسز (پی اے ایس) نے سال 2025 کے لئے گولڈ میڈلز اور سائنسی اعزازات دینے کے ساتھ ساتھ نئے فیلوز، فارن فیلوز اور ممبران کے انتخاب کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان پی اے ایس آڈیٹوریم میں منعقدہ جنرل باڈی اجلاس کے دوران کیا گیا۔یہ فیصلے 12 دسمبر کو ہونے والے پی اے ایس کونسل اجلاس اور 13 دسمبر کو منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں کئے گئے جن میں اکیڈمی کے فیلوز نے شرکت کی۔
اجلاسوں میں ملکی سطح پر سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ، تعلیمی اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔پی اے ایس کونسل نے مختلف سائنسی شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سائنسدانوں کے لئے سال 2025 کے گولڈ میڈلز اور اعزازات دینے اور نئے فیلوز و ممبران کے انتخاب کی سفارش کی جسے جنرل باڈی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ نئے منتخب فیلوز کو دسمبر 2026 میں باضابطہ طور پر شامل کیا جائے گا۔
دسمبر 2024 میں منتخب ہونے والے سائنسدانوں کو اجلاس کے دوران باقاعدہ طور پر پی اے ایس فیلوز کے طور پر شامل کیا گیا جن میں پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر (وائس چانسلر، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد)، ڈاکٹر مدثر اسرار (یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ)، ڈاکٹر ضیاء القیوم (سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی)، پروفیسر ڈاکٹر سائرہ ریاض (جامعہ پنجاب لاہور) اور پروفیسر ڈاکٹر سید طفیل حسین شاہ (یونیورسٹی آف سندھ جامشورو) شامل ہیں۔
سال 2025 کے لئے پی اے ایس گولڈ میڈلز اور اعزازات کے لئے منتخب ممتاز سائنسدانوں میں پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس (وائس چانسلر، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور)، پروفیسر ڈاکٹر ایم عثمان اکرم (این یو ایس ٹی، راولپنڈی)، ڈاکٹر محمد علی (قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد)، پروفیسر ڈاکٹر عبد الودود (عبدالولی خان یونیورسٹی مردان)، ڈاکٹر طاہر محمود (بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد)، ڈاکٹر مرتضیٰ سید (یونیورسٹی آف پشاور)، پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان خٹک، پروفیسر ڈاکٹر شجاع الملک خان (دونوں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد) اور پروفیسر ڈاکٹر ایم اعظم خان (پیماس اریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی) شامل ہیں۔
نئے منتخب ہونے والے پی اے ایس فیلوز میں پروفیسر ڈاکٹر ایم صبیح انور (لمز لاہور)، پروفیسر ڈاکٹر زہرہ حسن (آغا خان یونیورسٹی کراچی)، ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی لاہور)، ڈاکٹر محبوب الرحمٰن (نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ فیصل آباد) اور پروفیسر ڈاکٹر معاذ الرحمٰن (سنٹر آف ایکسیلینس اِن مالیکیولر بیالوجی، جامعہ پنجاب لاہور) شامل ہیں۔
پاکستان اکیڈمی آف سائنسز نے بین الاقوامی شہرت یافتہ سائنسدانوں کو فارن فیلوز کے طور پر بھی منتخب کیا ہے جن میں پروفیسر ڈاکٹر بین ٹین (ہوازہونگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ووہان چین)، پروفیسر ڈاکٹر عمر ذیشان اعجاز (یونیورسٹی آف گلاسگو، برطانیہ) اور پروفیسر ڈاکٹر منیر اقبال (دی پربرائٹ انسٹی ٹیوٹ، سرے برطانیہ) شامل ہیں۔اسی طرح پی اے ایس کے نئے منتخب ممبران میں ڈاکٹر صدام حسین (یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد)، ڈاکٹر عبدالرئوف (یونیورسٹی آف صوابی) اور ڈاکٹر سلیم عبداللہ (عبدالولی خان یونیورسٹی مردان) شامل ہیں۔پاکستان اکیڈمی آف سائنسز نے اس موقع پر سائنس، تحقیق اور جدت طرازی کے فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اعزازات قومی ترقی میں سائنسی خدمات کے اعتراف کا اہم ذریعہ ہیں۔









