اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں تاجکستان کلچرل ویک کے دوسرے روز پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں شاندار اور رنگا رنگ ثقافتی شام کا انعقاد کیا گیا جس میں جمہوریہ تاجکستان کے بھرپور ثقافتی اور فنی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد پاکستان اور تاجکستان کے درمیان صدیوں پر محیط تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ تقریب …
تاجکستان کلچرل ویک کے دوسرے روز پی این سی اے میں شاندار اور رنگا رنگ ثقافتی شام کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں تاجکستان کلچرل ویک کے دوسرے روز پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں شاندار اور رنگا رنگ ثقافتی شام کا انعقاد کیا گیا جس میں جمہوریہ تاجکستان کے بھرپور ثقافتی اور فنی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد پاکستان اور تاجکستان کے درمیان صدیوں پر محیط تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ مملکت آصف علی زرداری تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچی، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے ثقافت و ورثہ حذیفہ رحمان اور جمہوریہ تاجکستان کیوزیر ثقافت ستوریون متلوباخون امون زودا بھی موجود تھیں۔تقریب میں وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ایوب جمالی، سینئر سرکاری افسران، سفارتکاروں، نامور فنکاروں اور ثقافتی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں معزز مہمانوں نے شرکت کی۔
تاجکستان کے ثقافتی طائفے نے روایتی لوک رقص، کلاسیکی و جدید موسیقی اور دل کو چھو لینے والے گیتوں پر مشتمل شاندار پرفارمنسز پیش کر کے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ ان پرفارمنسز کے ذریعے تاجکستان کی ثقافتی روایات، فنی تنوع اور تاریخی ورثے کی خوبصورت جھلک پیش کی گئی جسے شرکاء نے بھرپور داد دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معززین نے کہا کہ تاجکستان کلچرل ویک جیسے ثقافتی اقدامات عوامی روابط کے فروغ، باہمی احترام اور ثقافتی ہم آہنگی کے لئے ایک مؤثر اور پائیدار ذریعہ ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان صدیوں پرانے تاریخی، لسانی اور تہذیبی رشتے موجود ہیں اور ثقافتی تعاون دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم ستون ہے۔
ثقافتی شام کا اختتام دونوں ممالک کی جانب سے خیر سگالی کے اظہار، ثقافتی تعاون کو مزید وسعت دینے، ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے اور فنی تبادلوں کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ ہوا تاکہ تاجکستان کلچرل ویک پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان دوستی، ہم آہنگی اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی ایک پائیدار علامت بن سکے۔








