اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ورلڈ بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے ہائیڈرومیٹ پراجیکٹ کے تحت جدید خودکار موسمیاتی اسٹیشنز (ایڈوانسڈ آٹومیٹک ویدر اسٹیشنز) کی تنصیب کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ مؤثر ابتدائی وارننگ سسٹم کو مضبوط بنانا ہے۔ ہائیڈرومیٹ پراجیکٹ کے ذریعے ملک بھر …
محکمہ موسمیات کا ہائیڈرومیٹ پراجیکٹ کے تحت ایڈوانسڈ آٹومیٹک ویدر اسٹیشنز کی تنصیب کیلئے معاہدہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ورلڈ بینک کی مالی اعانت سے چلنے والے ہائیڈرومیٹ پراجیکٹ کے تحت جدید خودکار موسمیاتی اسٹیشنز (ایڈوانسڈ آٹومیٹک ویدر اسٹیشنز) کی تنصیب کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ مؤثر ابتدائی وارننگ سسٹم کو مضبوط بنانا ہے۔
ہائیڈرومیٹ پراجیکٹ کے ذریعے ملک بھر میں پیشگی وارننگ کے مکمل نفاذ پر عمل درآمد شروع کیا ہے جس میں بالخصوص بلوچستان پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ معاہدے کے تحت نئے خودکار موسمیاتی اسٹیشنز ملک بھر میں نصب کیے جائیں گے، جس سے موسمی نگرانی اور پیش گوئی کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ایم ڈی اور ورلڈ میٹرولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) ریجنل ایسوسی ایشن II کے نائب صدر صاحبزادہ خان نے کہا کہ یہ موسمیاتی اسٹیشنز جدید اور ہائی ٹیک سینسرز سے لیس ہیں، جو پہلی مرتبہ پاکستان میں نصب کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اسٹیشنز کی تکنیکی خصوصیات عالمی ماہرین کے ایک پینل نے عالمی موسمیاتی تنظیم کے رہنما اصولوں کے مطابق تیار کی ہیں، جن میں بدلتے ہوئے موسمیاتی حالات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔انہوں کہ یہ اسٹیشنز موسمیاتی اور زرعی موسمیاتی عوامل، فضائی معیار، برف باری، ممکنہ بخارات کی منتقلی اور دیگر اہم اشاریوں کی نگرانی میں پاکستان محکمہ موسمیات کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کریں گے۔ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد حیدر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ اہم سنگِ میل ورلڈ بینک کے طریقہ کار کے مطابق ایک طویل اور جامع خریداری عمل کی تکمیل کے بعد حاصل کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ورلڈ بینک کے مسلسل تعاون سے پراجیکٹ ٹیم نئے ویدر سرویلنس ریڈارز اور ایک اعلیٰ کارکردگی کے حامل کمپیوٹنگ سسٹم کے اضافے پر بھی کام کر رہی ہے، جنہیں پی ایم ڈی کے موجودہ انفراسٹرکچر میں ضم کیا جائے گا۔پاکستان محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق ان اقدامات سے قبل ازوقت انتباہ اور موسمی پیش گوئی کے لیے دستیاب وقت میں بہتری آئے گی، جس سے قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور معاشی نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اس پیش رفت سے بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق جدیدکاری اور خودکاری کے ذریعے ادارے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ہائیڈرومیٹ پراجیکٹ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور حکومت کی جانب سے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کی کوششوں میں معاون ثابت ہو رہا ہے، ۔ یہ منصوبہ آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے مقابلے میں لچک کو مضبوط بنانے سے متعلق عالمی بینک کے مقاصد سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔








