اقوام متحد ہ ۔19دسمبر (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرارداد کی منظوری دے دی ہے، جس میں نوآبادیاتی، غیر ملکی اور بیرونی قبضے کے تحت رہنے والی اقوام کے حقِ خودارادیت کی دوبارہ توثیق کی گئی ہے۔یہ قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کی گئی، جس کی سفارش گزشتہ ماہ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی نے کی تھی۔ یہ کمیٹی …
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی قرارداد منظور، مقبوضہ اقوام کے حقِ خودارادیت کی توثیق

مزید خبریں
اقوام متحد ہ ۔19دسمبر (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی ایک قرارداد کی منظوری دے دی ہے، جس میں نوآبادیاتی، غیر ملکی اور بیرونی قبضے کے تحت رہنے والی اقوام کے حقِ خودارادیت کی دوبارہ توثیق کی گئی ہے۔یہ قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کی گئی، جس کی سفارش گزشتہ ماہ جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی نے کی تھی۔
یہ کمیٹی سماجی، انسانی اور ثقافتی امور سے متعلق معاملات دیکھتی ہے۔پاکستان 1981 سے مسلسل یہ قرارداد پیش کرتا آ رہا ہے، جس کا مقصد دنیا کی توجہ ان اقوام کی جانب مبذول کرانا ہے جو اب بھی اپنے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں، جن میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام بھی شامل ہیں۔قرارداد کے ذریعے جنرل اسمبلی نے ایک بار پھر اس امر پر زور دیا ہے کہ حقِ خودارادیت ان تمام حالات میں لاگو ہوتا ہے جہاں اقوام اس بنیادی حق سے محروم ہیں، اور یہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں میں درج اصولوں کے عین مطابق ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق یہ قرارداد حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والی اقوام کے ساتھ عالمی یکجہتی کا ایک مضبوط اظہار ہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے لیے یہ قرارداد ان کے جائز مؤقف، آزادی اور وقار کی خواہشات کی جانب عالمی توجہ کو مزید تقویت دیتی ہے۔تمام خطوں سے تعلق رکھنے والے 65 ممالک کی مشترکہ سرپرستی میں پیش کی گئی اس قرارداد میں ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر دیگر ممالک اور علاقوں میں غیر ملکی فوجی مداخلت، قبضے، جبر، امتیازی سلوک اور ناروا سلوک کا خاتمہ کریں۔
قرارداد میں جنرل اسمبلی نے غیر ملکی فوجی مداخلت، جارحیت اور قبضے کی سخت مخالفت کا اعادہ کیا، کیونکہ ان اقدامات کے نتیجے میں دنیا کے مختلف حصوں میں اقوام کے حقِ خودارادیت اور دیگر انسانی حقوق دبائے گئے ہیں۔
اسمبلی نے ان لاکھوں مہاجرین اور بے گھر افراد کی حالت زار پر بھی افسوس کا اظہار کیا جو ان اقدامات کے باعث اپنے گھروں سے محروم ہوئے، اور ان کے اس حق کی توثیق کی کہ وہ رضاکارانہ طور پر، محفوظ اور باعزت طریقے سے اپنے گھروں کو واپس لوٹ سکیں۔مزید برآں، قرارداد میں انسانی حقوق کونسل پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی فوجی مداخلت، جارحیت یا قبضے کے نتیجے میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، بالخصوص حقِ خودارادیت کی خلاف ورزیوں پر خصوصی توجہ دے۔








