اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری عراق کے صدر ڈاکٹر عبد اللطیف جمال رشید کی دعوت پر 20 سے 24 دسمبر تک عراق کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور عراق کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے جو مشترکہ مذہبی، ثقافتی اقدار اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے …
صدر مملکت آصف علی زرداری عراقی ہم منصب کی دعوت پر 20 سے 24 دسمبر تک عراق کا سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری عراق کے صدر ڈاکٹر عبد اللطیف جمال رشید کی دعوت پر 20 سے 24 دسمبر تک عراق کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور عراق کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے جو مشترکہ مذہبی، ثقافتی اقدار اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔
جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران صدر پاکستان عراقی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جائے گا اور باہمی دلچسپی کے اہم شعبوں بشمول تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، تعمیر نو، افرادی قوت، ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی روابط میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر غور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورتحال نیز کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔اس دورہ میں دونوں ممالک کے درمیان خصوصاً مذہبی سیاحت اور اقتصادی تعاون کے تناظر میں روایتی طور پر گرمجوش اور دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہونے کی توقع ہے۔
یہ سرکاری دورہ عراق کے ساتھ پاکستان کی مسلسل مصروفیت ایک نتیجہ خیز اور سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جو عراق کے استحکام و ترقی کے ساتھ ساتھ علاقائی امن اور خوشحالی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔









