صدر وائی پی ایف سیدہ نوشین افتخار کی شعور فاؤنڈیشن کے وفد سے ملاقات، نوجوانوں کی ترقی کے لئے مشترکہ ورک پلان پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):ینگ پارلیمنٹیرینز فورم اور شعور فاؤنڈیشن فار ایجوکیشن اینڈ اویئرنس کے درمیان پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر وائی پی ایف سیدہ نوشین افتخار (ایم این اے) نے کی جس میں پاکستان بھر میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مستحکم کرنے کے لئے حال ہی میں منظور شدہ مشترکہ ورک پلان پر عملدرآمد کے …

اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):ینگ پارلیمنٹیرینز فورم اور شعور فاؤنڈیشن فار ایجوکیشن اینڈ اویئرنس کے درمیان پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر وائی پی ایف سیدہ نوشین افتخار (ایم این اے) نے کی جس میں پاکستان بھر میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مستحکم کرنے کے لئے حال ہی میں منظور شدہ مشترکہ ورک پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے غور و خوض کیا گیا۔

دورانِ اجلاس صدر سیدہ نوشین افتخار نے ملک کی نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے لئے فورم کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ ینگ پارلیمنٹیرینز فورم مختلف یونیورسٹیوں سے ‘یوتھ ایمبیسڈرز’ نامزد کرے گی جو معاشرے میں سماجی تقسیم، غلط معلومات، پروپیگنڈے اور منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لئے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔

اجلاس میں ورک پلان کے بنیادی ستونوں پر تفصیلی بحث کی گئی جن میں نوجوان رہنماؤں کے لئے نیٹ ورکنگ فورمز کا قیام، قانون سازوں کے لئے تربیتی پروگرام، نوجوانوں کے ساتھ گرینڈ ڈائیلاگ کا انعقاد اور عوامی شعور کی مہمات شروع کرنا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال اور نوجوانوں سے متعلق قوانین میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لئے قانون سازی کے عمل کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں منشیات کے خاتمے، سماجی ہم آہنگی کے فروغ، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اخلاقی استعمال اور فیک نیوز کے سدباب جیسے سنگین چیلنجز پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شعور فاؤنڈیشن نے ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے اپنی آزمودہ حکمت عملیوں اور کمیونٹی کو متحرک کرنے کے جدید طریقوں سے آگاہ کیا۔ دونوں تنظیموں نے اس مشترکہ وژن پر اتفاق کیا کہ ایک باخبر اور متحرک نوجوان نسل ہی قومی ترقی کی ضامن ہے اور اس مقصد کے لئے مقررہ اہداف کا حصول بروقت یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں