اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے آزاد، مضبوط اور خوشحال پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں اجتماعی سوچ اپنانا ہوگی،ہماری پہلی ترجیح پاکستان ہے اور یہی بات ہمارے لئے باعثِ فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بینظیر …
ہمیں بحیثیت قوم قائد اعظم کے آزاد، مضبوط اور خوشحال پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے، سینیٹر روبینہ خالد

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بحیثیت قوم ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے آزاد، مضبوط اور خوشحال پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے ہمیں اجتماعی سوچ اپنانا ہوگی،ہماری پہلی ترجیح پاکستان ہے اور یہی بات ہمارے لئے باعثِ فخر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں کرسمس اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔
تقریب میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے بی آئی ایس پی ملازمین، مستحق خواتین و خاندانوں کے علاوہ بی آئی ایس پی کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ رنگ، نسل، زبان اور مذہب کی بنیاد پر تفریق تباہی کا راستہ ہے جبکہ کامیابی کا راستہ یکجہتی میں ہے۔ انہوں نے بی آئی ایس افسران اور عملے سے کہا کہ اپنا کام ایمانداری سے انجام دیں اور اللہ تعالیٰ کی مخلوق سے بھلائی کریں کیونکہ انسانیت کی خدمت اور مسائل کے حل میں ہی آخرت کی کامیابی ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہمارے کندھوں پر ایک بڑی ذمہ داری ہے اور یہ پروگرام بانی پاکستان کے اقوال اور افکار کی روشنی میں معاشرتی انصاف اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات کر رہا ہے تاکہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تشکیل ممکن ہو سکے۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ 25 دسمبر ہم سب کے لئے خوشیوں کا دن ہے کیونکہ اس دن قائد اعظم کی سالگرہ بھی ہے اور کرسمس بھی، جو ہمارے معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی خوبصورت مثال ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آج ہم اپنی مسیح بینیفشری بہنوں، ماؤں اور ان کے بچوں کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یکجہتی ہی محبت اور اتحاد کی اصل تصویر ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضور اکرم ﷺ نے محبت، امن اور برداشت کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرت کے بیج کو جڑ سے اکھاڑنا ہو گا۔ تقریب کے اختتام پر سینیٹر روبینہ خالد نے مسیحی برادری کے ہمراہ کرسمس اور قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور مسیحی گھرانوں کے بچوں میں بی آئی ایس پی کی جانب سے تحائف بھی تقسیم کئے۔








