اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):آرچ بشپ راولپنڈی/اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاہے کہ کرسمس صرف مسیحیوں کا مذہبی تہوار نہیں بلکہ یہ خدا کی لامحدود محبت، امن، صلح اور امید کی ایسی علامت ہے جو پوری انسانیت کو ایک دوسرے کے قریب لانے، نفرت کو ختم کرنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا پیغام دیتی ہے۔ کرسمس کے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی کی …
کرسمس صرف مذہبی تہوار نہیں بلکہ یہ خدا کی لامحدود محبت، امن، صلح اور امید کی علامت ہے ،ڈاکٹر جوزف ارشد

مزید خبریں
اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):آرچ بشپ راولپنڈی/اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہاہے کہ کرسمس صرف مسیحیوں کا مذہبی تہوار نہیں بلکہ یہ خدا کی لامحدود محبت، امن، صلح اور امید کی ایسی علامت ہے جو پوری انسانیت کو ایک دوسرے کے قریب لانے، نفرت کو ختم کرنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا پیغام دیتی ہے۔ کرسمس کے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی کی ولادت انسانیت کے لیے رحمت، نجات اور نئی زندگی کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی کی پیدائش زمین پر نیک ارادے کے انسانوں کے لیے امن کا پیغام ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کرسمس خوشی، روشنی، دعائو ں اور روحانی مسرت کا تہوار ہے، جو دلوں میں امید کی شمع روشن کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا کے مختلف حصوں میں جنگوں، سیاسی بے چینی، تنازعات، تشدد اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نے انسانیت کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔
پاکستان سمیت کئی معاشروں میں خوراک، پانی، صحت اور محفوظ رہائش جیسی بنیادی ضروریات ہر فرد کو میسر نہیں، جس کے باعث بے یقینی اور مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے حالات میں امید کی طاقت کو مضبوط کرنا اور معاشرے میں امن کے معمار بننا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کہا کہ کرسمس کا پیغام ہمیں محبت، انصاف، انسانی وقار اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان، مسلح افواج، سماجی اداروں اور تمام نیک دل انسانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور انسانی بھلائی کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کرسمس کے موقع پر جنگوں اور تنازعات میں جانیں گنوانے والوں، بیماری، غربت اور بھوک کا شکار افراد، سماجی ناانصافی اور امتیازی سلوک سے متاثرہ طبقات کے لیے خصوصی دعائوں کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بے گھر، تنہا، غریب اور مشکلات میں گھرے خاندانوں کو نہیں بھولنا چاہیے بلکہ عملی ہمدردی اور مدد کے ذریعے ان کے دکھ بانٹنے چاہئیں۔آخر میں آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے دعا کی کہ خدا تعالی پاکستان کو امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے اور قوم کو اتحاد، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کی توفیق دے۔ انہوں نے قوم کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ میری طرف سے آپ سب کو کرسمس کی خوشیاں مبارک ہوں۔








