اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور ملک بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس محبت، قربانی، امن، برداشت اور خدمتِ انسانیت کا عالمی پیغام دیتا ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات صبر، رواداری، رحمدلی اور انسان دوستی پر مبنی ہیں جو باہمی احترام …
سردار ایاز صادق کی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور مسیحی برادری کو دلی مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور ملک بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس محبت، قربانی، امن، برداشت اور خدمتِ انسانیت کا عالمی پیغام دیتا ہے، حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات صبر، رواداری، رحمدلی اور انسان دوستی پر مبنی ہیں جو باہمی احترام اور پائیدار امن کے فروغ کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔
کرسمس کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالمذہبی اور کثیرالثقافتی معاشرہ ہے جہاں آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو بلاامتیاز مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک تعلیم، صحت، سماجی بہبود، قومی دفاع اور دیگر اہم شعبہ جات میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے اس امر پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام ایک پُرامن، مضبوط اور مستحکم معاشرے کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمان اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور قومی دھارے میں مساوی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کا تہوار ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اختلافات کے باوجود اتحاد، محبت اور امن کے فروغ ہی میں قوموں کی ترقی اور خوشحالی مضمر ہے۔
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کا تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی پاکستان کی جمہوری اقدار اور آئینی روح کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ قومی یکجہتی، سماجی استحکام اور ملک کی ترقی میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ڈپٹی سپیکر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمان تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنا کردار پوری سنجیدگی اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی۔







