فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کا انسداد تجاوزات آپریشن ، ستر کنال سرکاری اراضی واگزار

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی(ایف جی ای ایچ اے) کی جانب سے مؤثر اور بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اتھارٹی نے سیکٹر G-15/3 اسلام آباد میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے دوران تقریباً ستر کنال قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرالی ہےجو کہ الاٹیز کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ آپریشن …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی(ایف جی ای ایچ اے) کی جانب سے مؤثر اور بھرپور اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اتھارٹی نے سیکٹر G-15/3 اسلام آباد میں اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کے دوران تقریباً ستر کنال قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرالی ہےجو کہ الاٹیز کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ آپریشن بدھ کو ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی خصوصی ہدایات پر انجام دیا گیاجس کی نگرانی ڈپٹی کمشنر الماس صبیح ثاقب اور ڈائریکٹر سکیورٹی کرنل اظہر سعید نے خود کی۔ کارروائی کے دوران 12 غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا جو ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بنے ہوئے تھے۔اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق واگزار کرائی گئی اراضی پر جلد ترقیاتی کام مکمل کر کے الاٹیز کو ان کے پلاٹس کا قبضہ دیا جائے گا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ایف جی ای ایچ اے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ سرکاری اراضی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔اتھارٹی نے عوام اور الاٹیز سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے گریز کریں اور ادارے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ہاؤسنگ اسکیموں کی جلد تکمیل ممکن ہو سکے۔

ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے جاری تفصیلات کے مطابق سیکٹر G-15/3 میں سڑکوں کی اسفالٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے، الیکٹرک پولز کی فاؤنڈیشنز سو فیصد نصب کر دی گئی ہیں جبکہ ٹرانسفارمرز اور ایل بی ایس کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔ سروس روڈ ایسٹ کا 85 فیصد اور سروس روڈ نارتھ کا 60 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ دیگر کام تیزی سے جاری ہیں۔اب تک اس سیکٹر میں 1120 میں سے 404 رہائشی پلاٹس کا قبضہ متعلقہ الاٹیز کو دیا جا چکا ہے جبکہ باقی پلاٹس پر بھی جلد ترقیاتی کام مکمل کر کے قبضہ حوالگی کا عمل شروع کیا جائے گا۔