چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے کمانڈر رائل نیوی آف اومان ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی کی ملاقات

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے کمانڈر رائل نیوی آف اومان ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے نیول ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں بحری …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے کمانڈر رائل نیوی آف اومان ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے نیول ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ معزز مہمان نے پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لئے اس کی مسلسل خدمات کا اعتراف کیا۔

بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور کمانڈر رائل نیوی آف اومان ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے نیول ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں وائٹ شپنگ معلومات کے تبادلے سے متعلق مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد معلومات کے تبادلے کے لئے رہنما اصول اور طریقۂ کار وضع کرنا ہے تاکہ وائٹ شپنگ کے حوالے سے باہمی آگاہی میں اضافہ کیا جا سکے۔

پاکستان اور اومان جغرافیائی طور پر ایک دوسرے کے قریب واقع ہیں اور مشترکہ بحری سرحدیں رکھتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا دائرہ کار وسیع ہے جس میں معاشی تعاون، عوامی روابط اور مضبوط دفاعی تعلقات شامل ہیں۔ دونوں بحری افواج کے درمیان گہرے پیشہ وارانہ تعلقات ہیں جو پاک بحریہ اور رائل نیوی آف اومان کے ایکسپرٹ لیول سٹاف ٹاکس (ELSTS)، تربیت، دوطرفہ اور کثیر القومی مشقوں میں شرکت کے ذریعے نمایاں ہیں۔