قائدِاعظمؒ کی قیادت، بصیرت اور اصولی جدوجہد پاکستان کی بنیاد اور قومی تشخص کا مظہر ہے، چوہدری سالک حسین

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ قائدِاعظمؒ کی قیادت، بصیرت اور اصولی جدوجہد پاکستان کی بنیاد اور قومی تشخص کا مظہر ہے، ان کا غیر متزلزل عزم اور آئین و قانون سے وابستگی آج بھی قوم کے لئے واضح رہنمائی فراہم کرتی ہے، ایمان، اتحاد اور تنظیم کا پیغام ہماری قومی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے لئے آج بھی اتنا …

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ قائدِاعظمؒ کی قیادت، بصیرت اور اصولی جدوجہد پاکستان کی بنیاد اور قومی تشخص کا مظہر ہے، ان کا غیر متزلزل عزم اور آئین و قانون سے وابستگی آج بھی قوم کے لئے واضح رہنمائی فراہم کرتی ہے، ایمان، اتحاد اور تنظیم کا پیغام ہماری قومی ترقی اور سماجی ہم آہنگی کے لئے آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا قیامِ پاکستان کے وقت تھا، انہی اصولوں کی روشنی میں ہمیں موجودہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک مستحکم و خوشحال مستقبل کی تعمیر کرنی ہے۔

بابائے قوم قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان قائدِاعظمؒ کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، خودمختار اور عوام دوست ریاست کے لئے کوشاں ہے جہاں شفاف حکمرانی، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور عوامی فلاح کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔ انہوں نےنوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائدِاعظمؒ کے افکار کو اپنی عملی زندگی میں اپناتے ہوئے دیانت، محنت اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنائیں۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ قائدِاعظمؒ کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہے کہ ہم اُن کے نظریات کو محض یادگار تقاریب تک محدود نہ رکھیں بلکہ عملی اقدامات میں مؤثر طور پر بروئے کار لائیں تاکہ پاکستان ایک پُرامن، منصفانہ اور ترقی یافتہ ریاست کے طور پر آگے بڑھے۔میں بطور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز حکومت کےپختہ عزم کی تصدیق کرتا ہوں کہ قائدِاعظم کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اوورسیز پاکستانیز کے حقوق کے تحفظ، انسانی وسائل کی ترقی اور قومی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا، آئیے ہم سب مل کر قائدِاعظم کے وژن کو عملی شکل دیں اور پاکستان کو ایک مضبوط، متحد اور ترقی یافتہ ملک بنائیں۔