راولپنڈی ۔25دسمبر (اے پی پی):بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر پاک افواج نے انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے افکار و وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت؛ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز، نشانِ …
پاک افواج کا بابائے قوم کو خراجِ عقیدت، قائد اعظم کے وژن سے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ

مزید خبریں
راولپنڈی ۔25دسمبر (اے پی پی):بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر پاک افواج نے انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے افکار و وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت؛ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز (ملٹری)، تمغۂ بسالت اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت نے پاک افواج کی جانب سے بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج قائداعظم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظم کی مثالی قیادت، آئینی بالادستی پر یقین اور غیر متزلزل عزم عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں قوم اور اس کی مسلح افواج کے لئے مشعل راہ ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ اور قائداعظم کے نظریات و افکار کے مطابق قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ اس دن، مسلح افواج پاکستان کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد بھی پیش کرتی ہیں،
ملک کی ترقی میں ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اور تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے قائداعظم کے وژن کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔پاکستان کی مسلح افواج قائداعظم محمد علی جناح کی میراث کو برقرار رکھنے اور عزت، جرات اور اخلاص کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے کے اپنے عہد پر ثابت قدم ہیں۔







