قائداعظم کی دور اندیش قیادت اور آفاقی اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے مشعلِ راہ ہیں، وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ قائداعظم کی دور اندیش قیادت اور آفاقی اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ قائداعظم نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ قائداعظم کی دور اندیش قیادت اور آفاقی اصول آج بھی پاکستان کو ترقی، استحکام اور قومی یکجہتی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ قائداعظم نہ صرف برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم قائد تھے بلکہ مذہبی آزادی، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور مساوات جیسے اصولوں کے مضبوط علمبردار بھی تھے۔

ایمان، اتحاد اور نظم کے سنہری اصول کا حوالہ دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے زور دیا کہ قومی اتحاد ہی پاکستان کی مضبوطی اور پائیدار ترقی کی بنیاد ہے اور قوم کو تمام تر اختلافات سے بالاتر ہو کر متحد اور منظم انداز میں آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے قائداعظم کے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق تاریخی فرمان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان رواداری، شمولیت اور مساوی حقوق پر قائم ریاست ہے، جہاں بلا امتیازِ مذہب تمام شہریوں کو مساوی حقوق، تحفظ اور مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے قائداعظم کے نوجوانوں سے متعلق وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل اور قومی ترقی کی اصل قوت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے میدانوں میں آگے بڑھ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ وفاقی وزیرِ تجارت نے کہا کہ موجودہ حکومت قائداعظم کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کو ایک پائیدار، مضبوط، خودمختار اور عوام دوست ریاست بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ امن، اتحاد، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔