مذاکرات ہی ہر مسئلہ کا حل ہے،راجہ پرویز اشرف

لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مذاکرات ہی ہر مسئلہ کا حل ہے،پی ٹی آئی کو کہوں گا کہ ملکی مفاد میں مذاکرات کا راستہ اپنائیں،کوئی ایسا راستہ اختیار نہ کریں جس سے ملکی سا لمیت کو خطرہ ہو یا ملکی بدنامی اور افراتفری پھیلے۔وہ میتھو ڈسٹ چرچ مریم نشاط کالونی لاہور کینٹ میں پی پی …

لاہور۔25دسمبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مذاکرات ہی ہر مسئلہ کا حل ہے،پی ٹی آئی کو کہوں گا کہ ملکی مفاد میں مذاکرات کا راستہ اپنائیں،کوئی ایسا راستہ اختیار نہ کریں جس سے ملکی سا لمیت کو خطرہ ہو یا ملکی بدنامی اور افراتفری پھیلے۔وہ میتھو ڈسٹ چرچ مریم نشاط کالونی لاہور کینٹ میں پی پی وسطی پنجاب اقلیتی و گل کے نائب صدر ایڈون سہوترا کی طرف سے کرسمس کیک کاٹنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر سینئر پارٹی رہنما فیصل میر،چودھری عاطف رفیق،احسن رضوی،راو بابر جمیل،صابر بھلہ،پیر اکبر،عاطف ربانی سمیت مسیحی برادری کی کثیر تعداد شریک تھی،راجہ پرویز اشرف نے پی آئی اے کی نجکاری کو ملکی مفاد کے حق میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم صرف پی آئی اے ملازمین کا تحفظ یقینی چاہتے ہیں،حکومت بزنس نہ کرے بلکہ ایسی فضا پیدا کرے جس میں کاروبار ہو سکیں،میں سمجھتا ہوں کہ وزیر اعظم کی جانب سے مذاکرات کی دعوت ایک احسن اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے جو کامیابی حاصل کی اس کی پیچھے چٹان کی طرح کھڑے ہونے کی ضرورت ہے،ہمیں ہر بات کو مثبت انداز میں دیکھنا چاہئے تاوقت کہ وہ الٹ ثابت نہ ہو سکے۔سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر جگہ مقبول بھی ہے اور موجود بھی ہے اور پی پی پی ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو گرداب سے نکال سکتی ہے۔قبل ازیں چرچ میں کرسمس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم سب نے ملکر پاکستان کو مضبوط بنانا ہے اوراسے مضبوط بنا کر ہی ہم خوشحال ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آج کا ایک ہی پیغام ہے۔محبت اور انسانیت سے پیارہے،پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق کیساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔