وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا آور لیڈی آف فاطمہ کیتھولک چرچ کا دورہ

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف8 میں واقع آور لیڈی آف فاطمہ کیتھولک چرچ کا دورہ کیا جہاں اسلام آباد راولپنڈی کے آرچ بشپ جوزف ارشد نے ان کا پْرتپاک استقبال کیا۔ وزیر داخلہ نے کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ آمد پر بچوں نے وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہنے کے لیے پھول …

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف8 میں واقع آور لیڈی آف فاطمہ کیتھولک چرچ کا دورہ کیا جہاں اسلام آباد راولپنڈی کے آرچ بشپ جوزف ارشد نے ان کا پْرتپاک استقبال کیا۔ وزیر داخلہ نے کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ آمد پر بچوں نے وزیر داخلہ کو خوش آمدید کہنے کے لیے پھول پیش کیے۔ محسن نقوی نے آرچ بشپ جوزف ارشد اور مسیحی برادری کے اراکین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔ محسن نقوی نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور چرچ رہنماؤں اور پیرش کے اراکین کے ساتھ مل کر ”امن کا چراغ” روشن کیا۔

دعائیہ تقریب کے دوران بچوں نے خوش آمدیدی ٹیبلو پیش کیا جبکہ کرسمس کیرولز بھی پیش کیے گئے۔ ریورنڈ فادر سلویسٹر جوزف نے مسیحی برادری کی جانب سے وزیر داخلہ کا خیرمقدم کیا اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کرسمس خوشی، محبت اور بھائی چارے کا تہوار ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کو قائدِاعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق مساوی حیثیت حاصل ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ تمام پاکستانی برابر کے حقوق رکھتے ہیں اور قائد کے رہنما اصولوں کے تحت متحد ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں کرسمس کی تقریبات کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ تقریب میں چیف کمشنر اسلام آباد، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔