سیالکوٹ، 2026 ملک کیلئے معاشی خوشخبریوں کا سال ہو گا، صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ کا قائد اعظم ڈے، کرسمس اور نواز شریف کی سالگرہ پر خطاب

سیالکوٹ۔ 25 دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے مرکزی دفتر پاکستان مسلم لیگ (ن) سیالکوٹ میں قائد اعظم ڈے، کرسمس اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور قوم کو مبارکباد دی۔ تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور شکیلہ جاوید آرتھر، خواجہ ٹیپو سلطان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما، ورکرز اور …

سیالکوٹ۔ 25 دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے مرکزی دفتر پاکستان مسلم لیگ (ن) سیالکوٹ میں قائد اعظم ڈے، کرسمس اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور قوم کو مبارکباد دی۔ تقریب میں اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور شکیلہ جاوید آرتھر، خواجہ ٹیپو سلطان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما، ورکرز اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سال 2025 اختتام پذیر ہو رہا ہے اور یہ سال پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہم رہا ہے، جس میں ملک میں کئی بڑے اور فیصلہ کن واقعات رونما ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں تباہ حال معیشت کو درست سمت پر گامزن کیا گیا اور 2026 میں پاکستان میں مزید معاشی خوشخبریاں آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 2025 میں معرکۂ حق پیش آیا جس میں اللہ تعالیٰ کی نصرت شامل حال رہی۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کو کامیابی حاصل ہوئی اور پاکستان کو پوری دنیا میں سراہا گیا۔ انہوں نے سپہ سالار اور پاکستانی افواج کو اس عظیم کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سابق وزیراعظم قائد محمد نواز شریف کے ترقی کے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں اور 2026 ملک و قوم کے لیے امن، سکون اور ترقی کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام لوگ پاکستانی ہیں اور سب کے یکساں حقوق ہیں۔

سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ شہر میں 500 بیڈز کا نیا ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ اگلے ماہ سے سیالکوٹ میں الیکٹرک بسیں چلنا شروع ہو جائیں گی اور سیالکوٹ کے تمام ترقیاتی منصوبوں میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ محمد آصف نے ذاتی طور پر تقریب میں آنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کچہری کے تمام دفاتر ایمن آباد روڈ پر منتقل کئے جائیں گے اور موجودہ کچہری کی عمارت میں ایک انتہائی خوبصورت باغ بنایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیالکوٹ میں سیوریج کے نظام کی بہتری کے لیے واسا کو 16 ارب روپے کی گرانٹ دی ہے، جس سے شہر میں سیوریج اور نکاسی آب کا نظام بہتر اور درست کیا جائے گا۔ آخر میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود اور مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور سیالکوٹ سمیت پورے پنجاب کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔