سیئول۔8جنوری (اے پی پی):جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس کا سہ ماہی منافع 200 کھرب وون کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اے ایف پی کے مطابق سام سنگ الیکٹرانکس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسے توقع ہے کہ چوتھی سہ ماہی میں اس کا آپریٹنگ منافع ریکارڈ 200 کھرب وون (13.8 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ جائے گا۔سام سنگ الیکٹرونکس دنیا …
سام سنگ الیکٹرانکس کا سہ ماہی منافع 200 کھرب وون کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کی پیشگوئی

مزید خبریں
سیئول۔8جنوری (اے پی پی):جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی سام سنگ الیکٹرانکس کا سہ ماہی منافع 200 کھرب وون کی ریکارڈ سطح پر پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اے ایف پی کے مطابق سام سنگ الیکٹرانکس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسے توقع ہے کہ چوتھی سہ ماہی میں اس کا آپریٹنگ منافع ریکارڈ 200 کھرب وون (13.8 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ جائے گا۔سام سنگ الیکٹرونکس دنیا کی صف اول کی میموری چپ تیار کرنے والوں میں شامل ہے جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور اس سے منسلک انفراسٹرکچر کے لیے نہایت اہم اجزا فراہم کرتی ہے۔
سام سنگ کی جانب سے یہ مضبوط پیشگوئی ڈیٹا سینٹرز اور اے آئی انڈسٹری کو سہارا دینے والے دیگر انفراسٹرکچر میں استعمال ہونے والی ہائی پرفارمنس میموری چپس کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب کے باعث سامنے آئی ہے۔کمپنی نے بتایا کہ اسے توقع ہے کہ آپریٹنگ منافع 198 کھرب سے 201 کھرب وون کے درمیان رہے گا جو 2018 کی تیسری سہ ماہی میں قائم ہونے والے 176 کھرب وون کے سابقہ ریکارڈ سے زیادہ ہوگا۔اگر اس ماہ کے آخر میں جاری ہونے والی حتمی آمدنی رپورٹ میں ان اعداد و شمار کی تصدیق ہو جاتی ہے تو یہ منافع سالانہ بنیاد پر 200 فیصد اضافے کو ظاہر کرے گا۔سام سنگ کے مطابق فروخت 920 کھرب سے 940 کھرب وون کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جو 2025 کی تیسری سہ ماہی میں قائم ہونے والے 860 کھرب وون کے ریکارڈ کو بھی توڑ دے گی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اے آئی کے باعث سیمی کنڈکٹرز کی عالمی طلب میں اضافے نے 2025 میں جنوبی کوریا کی برآمدات کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا۔جنوبی کوریا میں ایس کے ہائنکس بھی موجود ہے جو عالمی سیمی کنڈکٹر مارکیٹ میں ایک اور بڑی کمپنی ہے۔سیمی کنڈکٹرز کی مضبوط فروخت کے باعث سام سنگ الیکٹرانکس کے شیئرز گزشتہ چھ ماہ کے دوران 120 فیصد سے زیادہ بڑھ چکے ہیں جبکہ یہی رجحان دیگر جنوبی کوریائی چپ ساز کمپنیوں میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ ڈائشن سکیورٹیز کے تجزیہ کار چنگ ہے چانگ کا کہنا ہے کہ اے آئی سیکٹر مرکز نگاہ بن چکا ہے جس کے باعث سیمی کنڈکٹرز کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے اور چپ انڈسٹری ایک نئے سپر سائیکل میں داخل ہو چکی ہے۔








